امن کے قیام میں پاکستان کا کردار دنیا تسلیم کر رہی ہے، اسحاق ڈار

اسلام آباد: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ امریکہ اور ایران کے درمیان کشیدگی میں کمی اور مفاہمت کی جانب پیش رفت کے بعد عالمی برادری پاکستان کو ایک ذمہ دار ثالث اور امن کے قیام میں مؤثر کردار ادا کرنے والے ملک کے طور پر دیکھ رہی ہے۔

قومی اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان کی تعمیری اور متوازن سفارت کاری کو بین الاقوامی سطح پر سراہا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ خطے اور دنیا میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان نے ہمیشہ مثبت اور ذمہ دارانہ کردار ادا کیا ہے جس کے نتائج اب عالمی سطح پر نمایاں طور پر سامنے آ رہے ہیں۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کی سفارتی کوششوں کے باعث 47 برس بعد امریکہ اور ایران کے درمیان براہ راست مذاکرات کا انعقاد ممکن ہوا، جو نہ صرف دونوں ممالک کے تعلقات بلکہ پورے خطے کے امن اور استحکام کے لیے ایک اہم پیش رفت ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایک وقت تھا جب پاکستان کو سفارتی طور پر تنہا قرار دیا جاتا تھا، تاہم آج صورتحال مکمل طور پر تبدیل ہو چکی ہے۔ اب پاکستان کو عالمی سطح پر امن، مذاکرات اور تنازعات کے حل میں ایک فعال اور ذمہ دار شراکت دار کے طور پر تسلیم کیا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : حج 2027 رجسٹریشن، گھر بیٹھے صرف 48 گھنٹوں میں کتنے ہزار افراد شامل ہوئے؟ تفصیلات جاری

اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ پاکستان کی بڑھتی ہوئی سفارتی اہمیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ مختلف بین الاقوامی فورمز اور اہم عالمی اجلاسوں میں شرکت کے لیے پاکستان کو بڑی تعداد میں دعوت نامے موصول ہو رہے ہیں، جن میں سے حکومت کو اپنی ترجیحات کے مطابق انتخاب کرنا پڑتا ہے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کی متوازن خارجہ پالیسی، مثبت سفارتی حکمت عملی اور عالمی امن کے لیے مسلسل کوششوں نے ملک کے وقار اور ساکھ کو بین الاقوامی سطح پر مزید مضبوط بنایا ہے۔

Scroll to Top