اسلام آباد: نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ فلسطین کا مسئلہ مسلم امہ کے اجتماعی شعور میں مرکزی حیثیت رکھتا ہے، جبکہ اسرائیل غزہ میں جنگ بندی کی روزانہ خلاف ورزی کر رہا ہے۔
او آئی سی کی فلسطین کمیٹی سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ چھ رکنی کمیٹی پر فلسطینی عوام کے لیے سیاسی اور سفارتی حمایت متحرک کرنے کی ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔
نائب وزیراعظم کے مطابق مقبوضہ فلسطینی علاقوں اور غزہ کی صورتحال پر فوری توجہ دینے کی ضرورت ہے، جبکہ فلسطینی عوام کے لیے سیاسی و سفارتی حمایت کو مزید متحرک کرنا ناگزیر ہے۔
یہ بھی پڑھیں : نائب وزیراعظم اسحاق ڈار سے امریکی ناظم الامور کی ملاقات، دوطرفہ تعاون اور علاقائی صورتحال پر گفتگو
اسحاق ڈار نے غزہ تنازع کے خاتمے کے لیے امریکا، مصر، قطر اور ترکیہ کی جانب سے کی جانے والی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ تنازع کے خاتمے اور خطے میں امن کے لیے سفارتی کوششیں اہم ہیں۔
انہوں نے مسجد اقصیٰ میں اسرائیلی خلاف ورزیوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اس معاملے پر اپنے مؤقف پر قائم ہے۔





