گوادر: میری لاپتہ بیٹی مروا کالعدم تنظیم بی ایل اے میں شامل ہو چکی ہے،والد کی حکام سے بازیابی کی اپیل

مروہ کے والد افضل نے کہا کہ ان کی بیٹی مروہ 9 تاریخ کو لاپتہ ہوئی تھی اور اس کے بعد انہیں اس کے بارے میں کچھ معلوم نہیں تھا۔

گوادر پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے افضل نے بتایا کہ 27 تاریخ کو انہیں خبر ملی کہ مروہ کے شوہر راشد کو ایران میں ایجنسی نے قتل کر دیا ہے۔ راشد کی لاش کو اس کے گھر والے لے آئے اور اس کی تدفین کر دی گئی، جبکہ مختلف ذرائع سے پتہ لگا ہے کہ مروہ کالعدم بی ایل اے میں شامل ہو چکی ہے۔

انہوں نے کہاکہ مروہ میری چھوٹی بیٹی ہے اور میں بہت پریشان ہوں۔ میرا نہ کوئی بھائی کام کرنے والا ہے اور نہ ہی میرا کوئی بیٹا ہے جو میری مدد کر سکے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ ایک غریب آدمی ہیں، پاکستان میں رہتے ہیں اور پاکستان کے قوانین کا احترام کرتے ہیں۔افضل نے اعلیٰ حکام اور سیکیورٹی اداروں سے اپیل کی کہ ان کی بیٹی کو باحفاظت واپس لانے میں مدد کی جائے۔

Scroll to Top