پی ٹی آئی رہنما آصف خان کا نام ای سی ایل میں شامل، پشاور ہائیکورٹ سے رجوع

پشاور:پاکستان تحریک انصاف( پی ٹی آئی) کے رکن قومی اسمبلی آصف خان کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں شامل کیے جانے کے معاملے پر انہوں نے پشاور ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے نام ای سی ایل میں شامل کیے جانے کے بعد آصف خان بیرون ملک سفر نہیں کرسکتے۔

گزشتہ روز درخواست کی سماعت پشاور ہائیکورٹ کے جسٹس ارشد علی اور جسٹس بابر ستار پر مشتمل بنچ نے کی۔

دورانِ سماعت درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ آصف خان کا نام وفاقی حکومت نے ای سی ایل میں شامل کیا ہے، جس کے باعث انہیں بیرون ملک جانے سے روکا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : پشاور: پی ٹی آئی کے سینئر وکیل امیر اعجاز خان لاپتہ، اغوا کا مقدمہ درج

وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ پشاور ہائیکورٹ کے جسٹس صاحبزادہ اسد اللہ اس حوالے سے تفصیلی فیصلہ جاری کرچکے ہیں، جس میں قرار دیا گیا ہے کہ کسی شخص کو نوٹس دیے بغیر اس کا نام لسٹ میں شامل کرنا غیر قانونی ہے۔

سماعت کے دوران جسٹس ارشد علی نے استفسار کیا کہ انہوں نے کیا جرم کیا ہے؟ کیوں اس کا نام ای سی ایل میں شامل کیا گیا ہے؟

اس پر درخواست گزار کے وکیل نے بتایا کہ آصف خان کے خلاف 9 مئی کے پرتشدد مظاہروں کے بعد مقدمات درج کیے گئے تھے اور انہی مقدمات کی بنیاد پر ان کا نام ای سی ایل میں شامل کیا گیا ہے۔

بعد ازاں پشاور ہائیکورٹ نے درخواست پر وفاقی حکومت، ایف آئی اے اور دیگر متعلقہ حکام کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔

Scroll to Top