کامران علی شاہ
پشاور: انسدادِ دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے کالعدم تحریک طالبان پاکستان (TTP) کے لیے اسلحہ اور گولہ بارود فراہم کرنے کے جرم میں گرفتار ملزم کو 9 سال قید اور جرمانے کی سزا سنا دی۔
کیس کی سماعت پشاور کی انسدادِ دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج ولی محمد خان نے کی۔
دورانِ سماعت پراسیکیوشن نے عدالت کو بتایا کہ ملزم ابراہیم کے خلاف 10 اکتوبر 2024 کو تھانہ سی ٹی ڈی پشاور میں دہشت گردی کی مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں : نوشہرہ میں زمین کے تنازع پر فائرنگ، دو افراد جان سے گئے، 6 زخمی
پراسیکیوشن کے مطابق ملزم ایک گاڑی کے ذریعے ٹی ٹی پی کمانڈر شیراز کے لیے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود منتقل کر رہا تھا، اسی دوران قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کارروائی کرتے ہوئے اسے گرفتار کرلیا۔
عدالت میں مقدمے سے متعلق دلائل اور شواہد مکمل ہونے کے بعد جرم ثابت ہونے پر انسدادِ دہشت گردی کی دفعات کے تحت ملزم ابراہیم کو 9 سال قید اور جرمانے کی سزا سنادی گئی۔





