وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ مکہ اتحاد کے حوالے سے ایرانی صدر سے بات ہوئی ، مکہ معاہدے کے حوالے سے بتایا کہ یہ کسی کے خلاف نہیں ہے۔
ایرانی صدر سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ ہم نے ایرانی صدر کو کہا ہے خطے میں امن کا قیام ضروری ہے،پاکستانی قیادت امن کیلئے کوششیں جاری رکھے گی۔
وزیراعظم کے مطابق اس موقع پر ایرانی صدر نے پاکستان کی امن کیلئے کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا اسلام آباد میمورنڈم آج بھی انہیں قبول ہے اور اسلام آباد میمورنڈم آگے بڑھانے کیلئے تیار ہیں ۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ عالمی سطح پر پاکستان کے وقار میں اضافہ ہوا، پاکستان کی امن کیلئے کوششوں کو پذیرائی ملی،قیادت نے فیصلہ کیا ہے امن کیلئے کوششیں تیز کرنی ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ معیشت اور سفارتی تعلقات مضبوط بنانے کیلئے کوششیں جاری ہیں، آبنائے ہرمز اور باب المندب میں اشتعال انگیزی ہے، اشتعال انگیزی ختم کرنے کیلئے برادر اور دوست ممالک ملکرکوشش کریں۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم اور ایرانی صدر کا علاقائی امن و خوشحالی کے فروغ کیلئے ملکر کام کرنے پر اتفاق
وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ افغانستان سے دہشتگرد پاکستان میں کارروائیاں کر رہے ہیں، دہشتگرد پولیس اہلکاروں،فوجی جوانوں اور شہریوں کو شہید کر رہے ہیں۔
وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ دہشتگردی قابل مذمت ہے،پاکستان دہشتگردی کا منہ توڑجواب دے رہا ہے، دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔





