بلوچستان کے ضلع دُکی میں تعمیراتی کمپنی پر فتنہ الہندوستان کا حملہ، ایک گارڈ شہید، 18 مزدور اغوا

دُکی: بلوچستان کے ضلع دُکی میں سڑک تعمیر کرنے والی کمپنی کے کیمپ پر حملے کے بعد 18 تعمیراتی مزدوروں کے اغوا کی اطلاع ہے، جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں ایک سکیورٹی گارڈ شہید اور ایک شدید زخمی ہوگیا۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق واقعہ دُکی کے علاقے نانا صاحب زیارت میں پیش آیا، جہاں مبینہ طور پر فتنہ الہندوستان سے وابستہ دہشتگردوں نے سڑک تعمیر کرنے والی کمپنی کے کیمپ کو نشانہ بنایا۔

ذرائع کے مطابق حملے کے دوران دہشتگردوں اور سکیورٹی گارڈز کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں ایک گارڈ شہید جبکہ ایک شدید زخمی ہوگیا۔

سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ حملے کے بعد مسلح افراد نے کیمپ میں مقیم 18 تعمیراتی مزدوروں کو مبینہ طور پر اغوا کرلیا۔

یہ بھی پڑھیں : سیکیورٹی فورسزکی بلوچستان میں کارروائیاں،فتنہ الہندوستان کے 33 دہشتگرد ہلاک

واقعے کے بعد سکیورٹی فورسز نے مغوی مزدوروں کی بازیابی اور مبینہ حملہ آوروں کی تلاش کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔

ذرائع کے مطابق واقعے کی مزید تحقیقات بھی جاری ہیں جبکہ مغوی مزدوروں کی بحفاظت بازیابی کے لیے کارروائیاں کی جارہی ہیں۔

دُکی بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ سے تقریباً 315 کلومیٹر شمال مشرق میں واقع ہے۔ واقعے کے حوالے سے حکام کی جانب سے مزید تفصیلات سامنے آنا باقی ہیں۔

Scroll to Top