مسلم لیگ ن خیبرپختونخوا کے رہنما ارباب خضر حیات نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کی حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ صوبائی حکومت سیاسی طور پر کمزور ہوچکی ہے اور آئندہ 48 سے 72 گھنٹوں میں اہم سیاسی تبدیلی متوقع ہے۔
ارباب خضر حیات کے مطابق وزیراعلیٰ سہیل آفریدی اپنی حکومت بچانے کے لیے سابق وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور سے ملاقات کرنے جارہے ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی کے درجنوں ارکانِ صوبائی اسمبلی نے وزیراعلیٰ کا ساتھ چھوڑ دیا ہے۔
لیگی رہنما نے صوبائی حکومت پر کارکردگی میں ناکامی اور سرکاری وسائل کے مبینہ غلط استعمال کے الزامات بھی عائد کیے۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبے میں کئی اضلاع میں حکومتی کنٹرول کے حوالے سے بھی مسائل موجود ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:خیبرپختونخوا میں گورنر راج کے آپشن پر بیک ڈور کام جاری ہے، وفاقی وزیر طارق فضل چودھری
ارباب خضر حیات نے مزید دعویٰ کیا کہ 27 ستمبر کے بعد صوبائی حکومت کے مستقبل سے متعلق صورتحال واضح ہوگی اور آئندہ 72 گھنٹوں میں حکومت کے اگلے لائحہ عمل کا بھی تعین ہوجائے گا۔





