ٹانک: خیبرپختونخوا کے ضلع ٹانک کے علاقے وزیر آباد میں ٹریفک پولیس کی موبائل گاڑی پر فائرنگ کے نتیجے میں 3 اہلکار شہید ہوگئے۔
تھانہ سٹی پولیس کے مطابق فائرنگ کے بعد موٹر سائیکل سوار حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا۔
پولیس کے مطابق شہید اہلکاروں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے جبکہ حملہ آوروں کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔
محسن نقوی کا واقعے پر اظہارِ افسوس
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ٹانک میں خوارجیوں کی جانب سے ٹریفک پولیس کی گاڑی پر فائرنگ کے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے 3 اہلکاروں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
اپنے بیان میں محسن نقوی نے شہید اہلکاروں کی قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہداء کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : خیبر: سمگلروں سے فائرنگ کے تبادلے میں ایس ایچ او ملاگوری ریاض حسین شہید
وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ دکھ کی اس گھڑی میں شہداء کے لواحقین کے ساتھ کھڑے ہیں۔ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں شہداء کی لازوال قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔
خیبرپختونخوا میں دہشتگردی کے واقعات میں اضافہ
خیبرپختونخوا میں حالیہ دنوں کے دوران دہشتگردی کے مختلف واقعات سامنے آئے ہیں۔
گزشتہ روز ضلع لکی مروت میں دہشتگردوں کے حملے میں 3 افراد شہید جبکہ 3 زخمی ہوگئے تھے۔
اس سے قبل ڈیرہ اسماعیل خان میں ایک چیک پوسٹ پر مبینہ خودکش دھماکے اور فائرنگ کے نتیجے میں 12 افراد شہید جبکہ 35 زخمی ہوئے تھے۔
18 ستمبر کو کوہاٹ کی پرانی پولیس لائنز میں نماز جمعہ کے دوران حملہ ہوا تھا، جس کے نتیجے میں23 افراد شہید اور 100 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔
ٹانک میں تازہ واقعے کے بعد پولیس اور سیکیورٹی اداروں کی جانب سے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے جبکہ حملہ آوروں کی تلاش کی جا رہی ہے۔





