خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز، 7 دہشت گرد ہلاک

اسلام آباد: سکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران فتنہ الہندوستان کے 7 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق عزمِ استحکام ویژن کے تحت خیبرپختونخوا میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ اسی سلسلے میں سکیورٹی فورسز نے باڑہ کے علاقے میں انٹیلی جنس بنیادوں پر کامیاب آپریشن کیا، جس کے دوران فتنہ الہندوستان کے 5 دہشت گرد مارے گئے۔

کارروائی کے دوران ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا، جبکہ سکیورٹی فورسز کی مؤثر کارروائی کے نتیجے میں فتنہ الخوارج کے ٹھکانوں کو مکمل طور پر تباہ کر دیا گیا۔

دوسری جانب بلوچستان میں بھی آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق ضلع چاغی کے علاقے نوکچہ میں فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے مزید 2 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔

یہ بھی پڑھیں : ضلع کرم میں سیکیورٹی فورسز کا خوارج کیخلاف کامیاب آپریشن: 15 خوارج جہنم واصل

ذرائع کا کہنا ہے کہ فتنہ الہندوستان سے وابستہ دہشت گردوں نے نوکچہ میں ایک خالی واٹر باؤزر کو آگ لگائی اور اس کے بعد فرار ہونے کی کوشش کی، تاہم سکیورٹی فورسز نے فوری اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے دونوں دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق ہلاک دہشت گرد این 40 شاہراہ کے مختلف مقامات پر آتشزدگی کی کارروائیوں میں بھی ملوث تھے۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ 31 اگست کو بھی اسی نوعیت کی تخریبی سرگرمیوں میں ملوث فتنہ الہندوستان کے 11 دہشت گرد ہلاک کیے گئے تھے۔

سکیورٹی فورسز کا کہنا ہے کہ ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور پائیدار امن کے قیام کے لیے کارروائیاں جاری رہیں گی، جبکہ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک یہ سلسلہ جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا گیا ہے۔

Scroll to Top