پشاور: خیبرپختونخوا کے بعض شہریوں نے صوبائی حکومت اور پی ٹی آئی کی کارکردگی پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعلیٰ محمد سہیل آفریدی کی تبدیلی کا مطالبہ کیا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے محض چہروں کی تبدیلی کافی نہیں، بلکہ پالیسی اور نظام میں بھی تبدیلی لانا ضروری ہے۔
شہریوں نے صوبائی حکومت اور وزیراعلیٰ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں عملی اقدامات کے بجائے سیاسی سرگرمیوں اور اڈیالہ یا ڈی چوک جانے کے نعروں پر زیادہ توجہ دکھائی دیتی ہے۔
بعض شہریوں نے مطالبہ کیا کہ عدالت پی ٹی آئی کو کالعدم قرار دے اور پارٹی کے رہنماؤں پر پابندی عائد کرے۔
شہریوں کے مطابق صوبے میں ایسی حکومت کی ضرورت ہے جو دہشت گردی کے خاتمے کے لیے مؤثر حکمت عملی اختیار کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیس کے آپریشنل اختیارات اور انتظامی ڈھانچے کو سیاسی مداخلت سے محفوظ رکھنا بھی ضروری ہے۔
یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز، 7 دہشت گرد ہلاک
دوسری جانب وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی حالیہ بیانات میں صوبے میں امن و امان کے لیے نئی اور جامع حکمت عملی کی ضرورت پر زور دے چکے ہیں۔
انہوں نے تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے مربوط حکمت عملی تشکیل دینے کی بات بھی کی ہے۔





