زمبابوے کے دارالحکومت ہرارے کے قریب ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار ہوگیا، جس میں سوار تمام 6 افراد ہلاک ہوگئے۔
حکام کے مطابق حادثہ دارالحکومت کے جنوب مشرق میں واقع مارونڈیرا کے دیہی علاقے میں پیش آیا، جہاں ہیلی کاپٹر گزشتہ شام 5 بجے گر کر تباہ ہوا۔
زمبابوے کی پولیس نے بتایا ہیلی کاپٹر میں 6 افراد سوار تھے اور حادثے میں کوئی شخص زندہ نہیں بچا، حادثے کے بعد ہیلی کاپٹر میں آگ بھڑک اٹھی، جس کے باعث لاشیں بری طرح جھلس گئیں اور متاثرین کی شناخت میں مشکلات کا سامنا ہے، پولیس اور امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر موجود ہیں جبکہ حادثے کی تحقیقات جاری ہیں۔
زمبابوے کے سرکاری حکام کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں ایک معروف کاروباری شخصیت بھی شامل تھی، مقامی میڈیا کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ حادثے میں معروف زمبابوین کاروباری شخصیت وکنل چیوايو اور ان کی اہلیہ لوسی موتیکے بھی حادثے میں ہلاک ہونے والوں میں شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: نئے ہیلی کاپٹرز کی خریداری کےلیے خیبرپختونخوا حکومت کا بین الاقوامی کمپنیوں سے رابطہ
حکام کے مطابق ہیلی کاپٹر حادثے کی وجوہات فوری طور پر معلوم نہیں ہوسکیں، جبکہ واقعے سے متعلق مزید تحقیقات کی جارہی ہیں۔





