ایبٹ آباد: ایمبولینس کی آڑ میں غیر قانونی لکڑی اسمگل کرنے کی کوشش ناکام

حمد اللہ خان
ہری پور: ایبٹ آباد میں پٹرول اسکواڈ لوئر ہزارہ نے انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی کرتے ہوئے ایمبولینس نما گاڑی کی آڑ میں غیر قانونی لکڑی اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی۔

ذرائع کے مطابق پٹرول اسکواڈ لوئر ہزارہ ایبٹ آباد نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے ایک خود ساختہ ایمبولینس نما گاڑی کو روک کر تلاشی لی، جس کے دوران گاڑی سے غیر قانونی لکڑی برآمد ہوئی۔

کارروائی کے بعد غیر قانونی لکڑی کو قبضے میں لے لیا گیا، جبکہ لکڑی کی مبینہ اسمگلنگ کے لیے استعمال ہونے والی گاڑی بھی محکمہ کی تحویل میں لے لی گئی۔

یہ بھی پڑھیں : گورنمنٹ پرائمری سکول مولا خیل گندف کو مالک اراضی نے تالا لگا دیا، 410 طلباء و اساتذہ سکول سے باہر

ذرائع کا کہنا ہے کہ گاڑی کو ایمبولینس کی شکل دے کر غیر قانونی لکڑی کی منتقلی کی کوشش کی جارہی تھی، تاہم پٹرول اسکواڈ نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے کوشش ناکام بنادی۔

کارروائی کے بعد محکمہ کی جانب سے واقعے سے متعلق مزید قانونی کارروائی شروع کردی گئی ہے، جبکہ ضبط کی گئی لکڑی اور گاڑی کو متعلقہ حکام کے حوالے کردیا گیا ہے۔

محکمہ کے ذرائع کے مطابق غیر قانونی لکڑی کی نقل و حمل کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں اور انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر مزید اقدامات بھی کیے جارہے ہیں۔

Scroll to Top