وفاقی ادارہ شماریات نے مہنگائی کے حوالے سے اپنی سالانہ اور ہفتہ وار رپورٹ جاری کر دی ہے۔
رپورٹ کے مطابق ملک میں سالانہ بنیادوں پر مہنگائی کی شرح 11.53 فیصد ہو چکی ہے جبکہ ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی میں 0.21 فیصد کا مزید اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
ادارہ شماریات کی بریفنگ میں بتایا گیا کہ ایک ہفتے کے دوران کل 20 ضروری اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ دیکھا گیاجبکہ 10 اشیاء سستی ہوئیں اور 21 اشیاء کے نرخ مستحکم رہے۔
رپورٹ کے مطابق مرغی کی قیمت میں 7.25 فیصد اور لہسن میں 1.85 فیصد اضافہ ہوا، اس کے علاوہ دال چنا 1.30 فیصد، ایل پی جی 1.17 فیصد، انڈے 0.72 فیصد اور چاول 0.55 فیصد مہنگے ہوئے۔
دوسری جانب گذشتہ ہفتے ڈیزل 3.43 فیصد، کیلے 1.52 فیصد، چینی 1.05 فیصد، آلو 0.96 فیصد، پیٹرول 0.65 فیصد اور دال مونگ 0.63 فیصد سستی ہوئی ہیں۔
سالانہ بنیادوں پر اشیائے ضروریہ کے موازنے میں پیاز کی قیمت میں سب سے زیادہ 114.20 فیصد کا بڑا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ اس کے علاوہ سالانہ بنیادوں پر ایل پی جی 66.59 فیصد، بجلی کے چارجز 58.59 فیصد، ڈیزل 44.50 فیصد اور پیٹرول 44.05 فیصد مہنگا ہوا۔ اسی طرح گندم کا آٹا 32.65 فیصد اور مرچ پاؤڈر 15.55 فیصد مہنگا ہوا۔
رپورٹ کے مطابق سالانہ سطح پر کچھ اشیاء کی قیمتوں میں کمی بھی دیکھی گئی جن میں ٹماٹر 45.52 فیصد اور آلو 39.54 فیصد سستے ہوئے۔
سالانہ بنیادوں پر چینی 21.95 فیصد، انڈے 17.47 فیصد اور نمک پاؤڈر 14.81 فیصد سستا ریکارڈ کیا گیا۔





