ناگویا: ایشین گیمز کرکٹ کے فائنل میں بھارت نے پاکستان کو جیت کے لیے 212 رنز کا ہدف دے دیا۔
جاپان کے شہر نشین میں کھیلے جارہے فائنل میں بھارتی کپتان شیریاس ائیر نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
بھارت کی جانب سے سوریا ونشی اور ابھیشیک شرما نے اننگز کا آغاز کیا اور ٹیم کو جارحانہ شروعات فراہم کی۔ سوریا ونشی 9 گیندوں پر 15 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جبکہ ابھیشیک شرما نے 28 گیندوں پر 61 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیلی۔
ایشان کشن 21 رنز بنا کر پویلین واپس لوٹے، جبکہ تلک ورما نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 20 گیندوں پر اپنی نصف سنچری مکمل کی۔
بھارت نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 211 رنز بنائے، یوں پاکستان کو فائنل جیتنے کے لیے 212 رنز کا ہدف ملا۔
پاکستان کی جانب سے عرفات منہاس اور احمد دانیال نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ ابرار احمد اور صائم ایوب نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
یہ بھی پڑھیں : ایشین گیمز کرکٹ فائنل، بھارت کا ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ
پاکستانی ٹیم کی قیادت صاحبزادہ فرحان کر رہے ہیں۔ فائنل کے لیے قومی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے اور وسیم جونیئر کی جگہ سعد مسعود کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے، جبکہ بھارتی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔
پاکستان کی پلیئنگ الیون میں صاحبزادہ فرحان، معاذ صداقت، صائم ایوب، عثمان خان، حسن نواز، عبدالصمد، عرفات منہاس، احمد دانیال، ابرار احمد، سفیان مقیم اور سعد مسعود شامل ہیں۔
فائنل سے قبل ٹاس کے موقع پر دونوں ٹیموں کے کپتانوں کے ایک دوسرے سے ہاتھ نہ ملانے کا معاملہ بھی توجہ کا مرکز بنا۔
دوسری جانب نشین میں بارش کی پیشگوئی کے باعث پاک بھارت فائنل متاثر ہونے کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔





