خیبرپختونخوا سول ایڈمنسٹریشن رولز 2026 جاری، جلسے جلوسوں اور انتظامی امور کے نئے ضابطے نافذ

پشاور: خیبرپختونخوا حکومت نے قانون کی منظوری کے تقریباً چھ سال بعد سول ایڈمنسٹریشن (پبلک سروس ڈیلیوری اینڈ گڈ گورننس) رولز 2026 کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، جس کے تحت 17 مختلف خلاف ورزیوں پر چھ ماہ تک قید اور 30 ہزار روپے تک جرمانے کی سزائیں مقرر کی گئی ہیں۔

 صوبائی حکومت کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق سول ایڈمنسٹریشن ایکٹ کی دفعہ 24 کے تحت انتظامی سزاؤں کا تعین کیا گیا ہے، جن کی تفصیل رول 20 اور قواعد میں شامل شیڈول میں درج ہے۔

رول 20 کے تحت اگر کوئی شہری، جو سرکاری ادارے کا ملازم نہ ہو، ضلعی انتظامیہ کے افسر یا مجاز اتھارٹی کی جانب سے شیڈول دوئم کے حصہ الف میں درج کسی بھی امر سے متعلق جاری کردہ ہدایات کی خلاف ورزی کرے گا تو اسے شیڈول میں مقرر کردہ جرمانہ ادا کرنا ہوگا۔

قواعد میں واضح کیا گیا ہے کہ اگر کوئی شخص شیڈول دوئم میں درج خلاف ورزی کا اعادہ کرے گا تو اسے ایکٹ کی دفعہ 24 کی ذیلی دفعہ 2 کے تحت جرم تصور کیا جائے گا اور اس کے خلاف اسی کے مطابق قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، جبکہ ان قواعد کے تحت تمام جرائم قابلِ دست اندازی پولیس ہوں گے اور مجاز عدالت ان کا سمری ٹرائل کرے گی۔

قواعد کے شیڈول میں 17 خلاف ورزیوں کی نشاندہی کی گئی ہے، جن میں مجاز افسر کے کام میں مداخلت، غیر مجاز عوامی اجتماع، ماحولیاتی خطرات پیدا کرنا، خطرناک فضلہ غیر قانونی طور پر ذخیرہ کرنا، سرکاری ریکارڈ میں ردوبدل، عوامی ریکارڈ میں مداخلت، ممنوعہ اشیا کی فروخت یا ترسیل اور عوامی تحفظ کو خطرے میں ڈالنا شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : حرمین شریفین کے تقدس کا ہر حال میں تحفظ کریں گے، سعودی عرب کے لیے پاک فوج کے دستے روانہ، الوداعی تقریب منعقد

 ان جرائم کے مرتکب افراد کو چھ ماہ تک قید اور 30 ہزار روپے تک جرمانے کی سزا دی جا سکے گی۔ اس کے علاوہ معمولی تجاوزات، صفائی کے ناقص انتظامات، سرکاری احکامات کی عدم تعمیل، ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں زیادہ وصولی، شور کی آلودگی، کوڑا کرکٹ ٹھکانے لگانے میں غفلت، حفاظتی انتظامات کا فقدان، غیر مجاز اشتہار بازی اور سرکاری دفاتر میں رکاوٹ ڈالنے جیسی خلاف ورزیوں پر 10 ہزار سے 30 ہزار روپے تک جرمانہ عائد کیا جائے گا، جبکہ شیڈول دوئم کے حصہ ب میں 10 معمولی جرائم درج کیے گئے ہیں جن پر پہلی مرتبہ خلاف ورزی کی صورت میں دو ہزار سے تین ہزار روپے تک جرمانہ ہوگا۔

نئے قواعد کے رول 5 کے تحت کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کے عہدوں پر افسران کی تعیناتی کی سفارش کے لیے صوبائی پلیسمنٹ کمیٹی کے قیام کی منظوری دی گئی ہے۔

رول 5 (1) کے مطابق ایکٹ کے تحت نوٹیفائی کردہ یہ کمیٹی کمشنر اور ڈپٹی کمشنر کی آسامیوں کے لیے موزوں افسران کا پینل وزیرِاعلیٰ کو بھجوائے گی۔

 یہ کمیٹی ہر ماہ اجلاس منعقد کرے گی اور افسران کی گزشتہ کارکردگی، طرزِ عمل، اہلیت، دیانت داری اور مختلف عہدوں کے لیے موزوں ہونے کی روشنی میں پینل تجویز کرے گی، جبکہ افسران کے سروس ریکارڈ، مدتِ ملازمت اور کسی بھی زیرِ التوا انکوائری سمیت تمام ضروری تفصیلات چیف سیکرٹری کے ذریعے وزیرِاعلیٰ کو پیش کی جائیں گی۔

رول 11 کے تحت ڈپٹی کمشنرز کو ضلعی سطح پر سرکاری املاک کا ریکارڈ مرتب کرنے کا پابند بنایا گیا ہے اور قواعد کے مطابق ڈپٹی کمشنر شیڈول اول میں دیے گئے فارمیٹ کے مطابق سرکاری املاک کی ڈیجیٹل رجسٹری یا ذخیرہ برقرار رکھے گا۔

یہ بھی پڑھیں : حکومت کا بجلی کی قیمتوں میں مزید اضافہ کرنے کا فیصلہ، نیپرا سے فوری منظوری مانگ لی گئی

 مزید برآں متعلقہ سرکاری ادارے کا سربراہ بھی سرکاری املاک کو غلط استعمال، خرد برد، نقصان پہنچانے، غیر قانونی دخل اندازی اور تجاوزات سے بچانے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات اٹھائے گا اور اپنے ادارے کی ملکیتی سرکاری املاک کا ڈیجیٹل ریکارڈ محفوظ رکھے گا۔

رول 13 کے تحت کوئی بھی فرد یا گروہ ڈپٹی کمشنر یا مجاز افسر کی پیشگی تحریری اجازت کے بغیر کوئی عوامی اجتماع یا جلوس منعقد نہیں کر سکے گا۔ قواعد کے مطابق امنِ عامہ کے مفاد میں وقت، مقام، راستے اور طریقہ کار سے متعلق شرائط کے ساتھ یہ اجازت دی جا سکے گی۔

قواعد میں یہ بھی طے کیا گیا ہے کہ جلوس، اجتماع یا جلسے کے منتظم کو تقریب سے کم از کم 9 دن پہلے ڈپٹی کمشنر کو تحریری درخواست جمع کرانا ہوگی، جس میں تقریب کا مقصد، مقام اور دورانیہ واضح طور پر بیان کرنا لازمی ہوگا، جبکہ اس کے ساتھ کم از کم دو ضمانت ناموں کا حامل حلف نامہ بھی منسلک کرنا ہوگا جس میں ڈپٹی کمشنر کی جانب سے مقرر کردہ شرائط اور طریقہ کار پر عمل درآمد کی یقین دہانی کرائی جائے گی اور متعلقہ افسر پانچ دن کے اندر اس درخواست پر فیصلہ کرنے کا پابند ہوگا۔

رولز میں واضح کیا گیا ہے کہ ڈپٹی کمشنر کسی بھی جلوس کی اجازت دیتے وقت اس کے راستوں، اوقات اور عوامی تحفظ و نظم و ضبط کو یقینی بنانے کے لیے دیگر ضروری شرائط کا تعین کر سکتا ہے، اور ان شرائط پر عمل درآمد کی تمام تر ذمہ داری منتظم اور ضامنوں پر عائد ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں : امن کمیٹی کے نام پر دہشت گردی کا ایک اور ہولناک واقعہ، 15 سالہ طالب علم کو اغوا ہوئے 40 دن گزر گئے، تاحال کوئی سراغ نہ مل سکا

خیبرپختونخوا میں ضلعی انتظامیہ کے اختیارات اور عوامی خدمات کی فراہمی کو قانونی تحفظ دینے کے لیے تقریباً چھ برس قبل صوبائی اسمبلی سے سول ایڈمنسٹریشن ایکٹ منظور کیا گیا تھا، تاہم قواعد و ضوابط کے اجرا میں تاخیر کے باعث اس قانون کی بیشتر دفعات پر مؤثر عمل درآمد رکا ہوا تھا اور بالخصوص نچلی سطح پر ناجائز تجاوزات، گرانفروشی اور ماحولیاتی آلودگی جیسے مسائل سے نمٹنے کے لیے انتظامی افسران کو واضح قانونی طریقہ کار کی ضرورت تھی۔

 ان قواعد کے نفاذ سے جہاں ضلعی انتظامیہ کو فوری کارروائی اور سمری ٹرائل کے ذریعے سزائیں دلوانے کا مؤثر اختیار حاصل ہوا ہے، وہیں کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کی تعیناتی کو ماہانہ کارکردگی اور پینل سسٹم سے مشروط کرنے سے انتظامی تبادلوں میں سیاسی مداخلت کم ہونے کی توقع ہے۔

 تاہم جلسے جلوسوں کے لیے نو دن قبل درخواست اور ضمانت ناموں کی شرط سیاسی و سماجی حلقوں کے لیے ایک نیا اور کڑا امتحان ثابت ہو سکتی ہے، جس کے عملی نفاذ میں توازن برقرار رکھنا صوبائی حکومت اور انتظامیہ کے لیے کلیدی اہمیت رکھے گا۔

Scroll to Top