پی ٹی آئی اور کالعدم ٹی ٹی پی کا گٹھ جوڑ ہے، اختیار ولی خان

اسلام آباد: وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے اطلاعات خیبرپختونخوا اختیار ولی خان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی اور کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے درمیان گٹھ جوڑ ہے اور پی ٹی آئی نے کالعدم ٹی ٹی پی کو اپنا عسکری ونگ بنا رکھا ہے۔

اختیار ولی خان نے کہا کہ پی ٹی آئی کارکن ذاکراللہ کے بھائی اور کزن کالعدم ٹی ٹی پی کے سرگرم رکن ہیں، جبکہ ٹی ٹی پی کمانڈر صدام پی ٹی آئی کارکن ذاکراللہ کے کزن ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دہشتگرد تنظیموں اور صوبائی حکومت کا نیکسس بنا ہوا ہے، جس میں پی ٹی آئی براہِ راست ملوث ہے۔

اختیار ولی خان کے مطابق پاکستان تحریک انصاف دہشتگرد تنظیموں کا سیاسی ونگ ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کے ساتھ ویڈیو میں نظر آنے والے نوجوان کا تعلق بھی کالعدم تنظیم سے ہے۔

یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا پرتشدد احتجاج کا متحمل نہیں ہوسکتا، پی ٹی آئی حکومت دہشتگردی پر خاموش تماشائی ہے، امیر حیدر ہوتی

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا عوام کے بجائے کالعدم تنظیموں کے نمائندے ہیں۔

اختیار ولی خان نے کہا کہ کالعدم تنظیم سے وابستہ عناصر پیسے لے کر مساجد اور عوام پر حملے کرتے ہیں، جبکہ خواتین اور بچوں کو بھی تشدد کا نشانہ بناتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی اور کالعدم ٹی ٹی پی ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں اور پی ٹی آئی کے دھرنوں اور یلغار میں کالعدم تنظیم کے عناصر شامل ہوتے ہیں۔

Scroll to Top