ناگویا: ایشین گیمز کرکٹ کے فائنل میں بھارت نے پاکستان کو 19 رنز سے شکست دے کر گولڈ میڈل اپنے نام کر لیا۔
جاپان کے شہر نشین میں کھیلے گئے فائنل میں بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 211 رنز بنائے اور پاکستان کو جیت کے لیے 212 رنز کا ہدف دیا۔
ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی جانب سے صاحبزادہ فرحان اور معاذ صداقت نے اننگز کا آغاز کیا، تاہم صاحبزادہ فرحان 11 گیندوں پر 10 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے، جبکہ معاذ صداقت نے 23 رنز بنائے۔
عثمان خان بھی بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے اور 6 گیندوں پر 3 رنز بنا کر شیوم دوبے کی گیند پر وکٹ گنوا بیٹھے۔
پاکستان کی جانب سے حسن نواز نے شاندار مزاحمت کرتے ہوئے 96 رنز کی اننگز کھیلی، تاہم وہ میچ کی آخری گیند پر آؤٹ ہوگئے۔ حسن نواز نے اپنی اننگز میں 5 چوکے اور 7 چھکے لگائے۔
اس سے قبل بھارتی کپتان شیریاس ائیر نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ بھارت کی جانب سے سوریا ونشی اور ابھیشیک شرما نے اننگز کا آغاز کیا اور ٹیم کو جارحانہ شروعات فراہم کی۔
سوریا ونشی 9 گیندوں پر 15 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جبکہ ابھیشیک شرما نے 28 گیندوں پر 61 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیلی۔ ایشان کشن 21 رنز بنا کر پویلین واپس لوٹے، جبکہ تلک ورما نے 20 گیندوں پر نصف سنچری مکمل کی۔
یہ بھی پڑھیں : ایشین گیمز کرکٹ فائنل، بھارت نے پاکستان کو 212 رنز کا ہدف دے دیا
بھارت نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 211 رنز بنائے۔ پاکستان کی جانب سے عرفات منہاس اور احمد دانیال نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ ابرار احمد اور صائم ایوب کے حصے میں ایک، ایک وکٹ آئی۔
فائنل کے لیے پاکستانی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی تھی اور وسیم جونیئر کی جگہ سعد مسعود کو شامل کیا گیا، جبکہ بھارتی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی تھی۔
پاکستانی ٹیم کی قیادت صاحبزادہ فرحان نے کی۔ ٹیم میں صاحبزادہ فرحان، معاذ صداقت، صائم ایوب، عثمان خان، حسن نواز، عبدالصمد، عرفات منہاس، احمد دانیال، ابرار احمد، سفیان مقیم اور سعد مسعود شامل تھے۔
فائنل کے ٹاس کے موقع پر دونوں ٹیموں کے کپتانوں کے ایک دوسرے سے ہاتھ نہ ملانے کا معاملہ بھی توجہ کا مرکز بنا رہا۔
دوسری جانب نشین میں بارش کی پیشگوئی کے باعث میچ متاثر ہونے کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا تھا، تاہم فائنل مکمل ہوا اور بھارت نے 19 رنز سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے گولڈ میڈل اپنے نام کرلیا۔





