راولپنڈی: سی ٹی ڈی نے مغل مارکیٹ کے قریب بڑی کارروائی کرتے ہوئے تھانہ آئی نائن پر حملے میں ملوث فتنہ الخوارج کے دو انتہائی خطرناک دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا۔
سی ٹی ڈی ترجمان کے مطابق گرفتار دہشت گردوں کی شناخت حمزہ اور رومان کے نام سے ہوئی ہے، جو راولپنڈی اور اسلام آباد میں حساس مقامات پر دہشت گردی کی منصوبہ بندی کر چکے تھے۔
ترجمان سی ٹی ڈی نے بتایا کہ ان دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا۔ گرفتار دہشت گرد افغانستان میں فتنہ الخوارج کے ایک اہم کمانڈر کے ساتھ رابطے میں تھے اور راولپنڈی و اسلام آباد میں دہشت گردی کی غرض سے ریکی مکمل کر چکے تھے۔
کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے دستی بم، بھاری مقدار میں بارودی مواد، ڈیٹونیٹرز، سیفٹی فیوز، وائر اور دیگر خطرناک سامان برآمد ہوا ہے۔ سی ٹی ڈی نے دہشت گردوں کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد ہائیکورٹ نے سائفر کیس کا تفصیلی فیصلہ جاری کر دیا
ابتدائی تفتیش میں دہشت گردوں نے انکشاف کیا کہ چند ماہ قبل تھانہ آئی-نائن پر ہونے والا ہینڈ گرنیڈ حملہ بھی انہوں نے ہی کیا تھا۔ سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کے نیٹ ورک اور دیگر سہولت کاروں کے خلاف مزید تحقیقات جاری ہیں۔