شہریوں کو کاروبار کے نام پرکروڑوں کا چونالگانے والا سائبر کرائم گینگ بے نقاب

حمد اللہ
نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) سائبر کرائم ہزارہ سرکل نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے انسٹاگرام پر جعلی جرمن خاتون کا روپ دھار کر شہریوں کو کروڑوں روپے کا چونا لگانے والے سائبر فراڈ گینگ کے چار اہم ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔

ڈپٹی ڈائریکٹر این سی سی آئی اے وہاب احمد کے مطابق اس سائبر فراڈ کیس میں مجموعی طور پر 25 ملزمان کے ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے جن میں سے 4 مرکزی ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ دیگر کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ فراڈ میں ملوث تمام ملزمان کا تعلق ایبٹ آباد اور اسلام آباد سے ہے۔ ملزمان انسٹاگرام پر جعلی جرمن خاتون بن کر شہریوں سے رابطے کرتے تھے اور انہیں منافع بخش کاروبار کا جھانسہ دے کر رقم ہتھیا لیتے تھےجس کے ذریعے انہوں نے شہریوں سے 1 کروڑ 80 لاکھ روپے کا فراڈ کیا۔

ڈپٹی ڈائریکٹر وہاب احمد کا مزید کہنا تھا کہ کیس کی تفتیش کے سلسلے میں تمام بینک ریکارڈز حاصل کر لیے گئے ہیں اور ملزمان کے خلاف سخت قانونی کارروائی جاری ہے۔

انہوں نے انکشاف کیا کہ خواتین کو ہراساں کرنے اور دیگر ڈیجیٹل جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف بھی بلا امتیاز ایکشن لیا جا رہا ہے اور سائبر کرائم ہزارہ سرکل نے مختلف کیسز میں کارروائیاں کرتے ہوئے اب تک 4 کروڑ روپے کی ریکوری کروائی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ڈیجیٹل جرائم کی روک تھام، عوامی شکایات پر فوری ایکشن اور شہریوں کو تحفظ فراہم کرنا ادارے کی اولین ترجیح ہے جس کے لیے تمام افسران انتہائی محنت سے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔

Scroll to Top