شہزاد راجہ
رستم: ضلع مردان کی تحصیل رستم میں باغ جبران کے مقام پر ایک گاڑی بے قابو ہوکر سڑک سے نیچے گہری کھائی میں جاگری، جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ ایک شدید زخمی ہوگیا۔
ریسکیو 1122 کے مطابق حادثے کی اطلاع ملتے ہی امدادی اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور حادثے میں متاثرہ افراد کو گاڑی سے نکالنے کے لیے کارروائی شروع کی۔
ریسکیو حکام کے مطابق حادثے کے نتیجے میں 65 سالہ فائز موقع پر ہی جان کی بازی ہار گیا، جس کا تعلق شانگلہ سے بتایا گیا ہے۔ حادثے میں 47 سالہ گل شہاب الدین بھی شدید زخمی ہوا، جو ڈگر کا رہائشی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : پی ٹی آئی لانگ مارچ کے بڑے بڑے دعوے زمین بوس، 50 ہزار کے ہدف پر 100، 200 کا ہجوم، مقامی قیادت کارکن نکالنے میں ناکام
ریسکیو اہلکاروں نے زخمی شخص کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد مزید علاج کے لیے ٹائپ ڈی ہسپتال منتقل کردیا، جہاں اسے طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثہ گاڑی کے بے قابو ہونے کے باعث پیش آیا، تاہم حادثے کی مکمل وجوہات تاحال سامنے نہیں آسکیں۔ متعلقہ اداروں کی جانب سے واقعے کی مزید جانچ کی جارہی ہے۔





