خیبرپختونخوا میں عوام کا پیمانہ لبریز، مہنگائی اور بدامنی کے خلاف حکومت پر برس پڑے

 پشاور: خیبرپختونخوا میں مہنگائی، بے روزگاری اور امن و امان کی ابتر صورتحال کے خلاف شہری صوبائی حکومت کے خلاف سڑکوں پر نکل آئے۔

 مالاکنڈ کی تحصیل درگئی میں متحدہ ٹریڈ یونین اور پیپلز پارٹی کی جانب سے مہنگائی، بے روزگاری اور لوڈشیڈنگ کے خلاف شدید احتجاج کیا گیا، جس میں متحدہ ٹریڈ یونین کے صدر اسفند یار خان، جنرل سیکرٹری غلام حسین سمیت ہزاروں افراد نے شرکت کی۔

protest.mp4

 مظاہرین نے ٹائر جلا کر مہنگائی، بے روزگاری، لوڈشیڈنگ اور امن و امان کی ابتر صورتحال پر پی ٹی آئی حکومت کے خلاف نعرے بازی کی۔

 احتجاجی مظاہرین نے صوبائی حکومت سے خیبرپختونخوا میں امن قائم کرنے کے لیے عملی اور ٹھوس اقدامات اٹھانے کا مطالبہ کیا۔

 خیبرپختونخوا میں امن و امان، مہنگائی اور بے روزگاری سنگین مسائل بن چکے ہیں، تاہم مظاہرین کا کہنا ہے کہ صوبائی حکومت کی توجہ احتجاجی سیاست پر مرکوز ہے۔

یہ بھی پڑھیں : سہیل آفریدی نے عوام کو دہشتگردوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا، کوہاٹ میں پولیس چیک پوسٹ پر فائرنگ، 4 اہلکار زخمی

  شہری صوبائی حکومت کی کارکردگی سے ناخوش

 دوسری جانب خیبرپختونخوا کے عوام نے صوبائی حکومت کی 13 سالہ کارکردگی پر بھی عدم اطمینان کا اظہار کیا ہے۔

 صوابی، تخت بھائی، رستم سمیت مختلف علاقوں کے شہریوں نے صوبائی حکومت کی کارکردگی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت نے خیبرپختونخوا میں 13 سال سے زائد عرصہ گزار دیا، تاہم صوبے میں عوام کی توقعات کے مطابق تبدیلی نظر نہیں آئی۔

 شہریوں کے مطابق خیبرپختونخوا کے ہسپتالوں میں سہولیات کا فقدان ہے، جبکہ صوبے کا انفراسٹرکچر بھی مسائل کا شکار ہے۔

 شہریوں کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے ایم این ایز اور ایم پی ایز عوامی مسائل حل کرنے کے بجائے اپنے مفادات پر توجہ دے رہے ہیں اور انہیں عوامی مشکلات سے کوئی سروکار نہیں۔

 شہریوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام صوبائی حکومت کی کارکردگی سے مطمئن نہیں اور بنیادی مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات چاہتے ہیں۔

Scroll to Top