وفاق کا تحریک انصاف سے وزیراعلی سہیل آفریدی کو ہٹانے کا مطالبہ

وفاقی حکومت نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی )سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کو تبدیل کر کے نیا وزیراعلیٰ مقرر کرے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری نے کہا کہ تحریک انصاف سے یہ توقع کی جاتی ہے کہ وہ دہشتگردی پر قابو پانے میں ناکام رہنے والے وزیراعلیٰ کو عہدے سے ہٹائے۔ 

انہوں نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی طور پر ناپختہ لوگ خیبر پختونخوا پر مسلط ہیں اور جو لوگ سڑکوں پر سرکس لگا رہے ہیں، انہیں ہوش کے ناخن لینے چاہئیں۔

 ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کو ڈیل کرنا وفاقی حکومت کے لیے کوئی چیلنج نہیں ہے اور لانگ مارچ کا معاملہ خیبر پختونخوا میں دہشتگردی پر قابو پانے سے بالکل الگ موضوع ہے۔

طارق فضل چوہدری نے مزید کہا کہ حکومت خون بہانے والوں کا قلع قمع کرنے کے لیے میدان عمل میں موجود ہے جبکہ صوبے کے بارہ اضلاع دہشتگردی سے شدید متاثر ہیں جہاں خصوصی انتظامات کرنا وقت کا اہم تقاضا ہے۔وفاقی حکومت کی ترجیح دہشتگردی پرقابو پانا ہے۔

 ان کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کے باعث خیبر پختونخوا کے کئی علاقے نو گو ایریاز بن چکے ہیں لیکن پی ٹی آئی والے ان علاقوں میں باآسانی آتے جاتے ہیں اس لیے تحریک انصاف کو وضاحت کرنی چاہیے کہ دہشتگردوں کے ساتھ ان کا کیا تعلق ہے۔

یہ بھی پڑھیں : طلبہ کے لیے بڑی خوشخبری، اسکالرشپس اور لیپ ٹاپس کی تقسیم کا شیڈول جاری

لیگی رہنما نے واضح کیا کہ پی ٹی آئی کے لانگ مارچ سے نمٹنے کے تمام انتظامات مکمل کئے جاچکے ہیں اور اگر صوبے میں ایمرجنسی کا نفاذ ہوتا ہے تو اس کا لانگ مارچ سے کوئی تعلق نہیں ہوگا بلکہ ممکنہ ایمرجنسی کا نفاذ صوبائی حکومت کی جانب سے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں عدم تعاون کا نتیجہ ہوگا۔

Scroll to Top