امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یوکرینی صدر وولودیمیر زیلنسکی پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب وقت آگیا ہے کہ یوکرین کو نیا صدر ملنا چاہیے۔ ٹرمپ کا یہ بیان روس کے ساتھ امریکی ڈیزل معاہدے پر زیلنسکی کی تنقید کے بعد سامنے آیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق یوکرینی صدر نے روسی ڈیزل کی لاکھوں ٹن مقدار امریکہ پہنچانے کے نئے معاہدے پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس سے ماسکو کو یوکرین کے خلاف جنگ جاری رکھنے کے لیے مالی وسائل حاصل ہوں گے۔ زیلنسکی نے اس معاہدے کو روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے لیے تحفہ قرار دیا تھا۔
وائٹ ہاؤس کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ زیلنسکی روسی آئل ریفائنریوں پر حملوں کی اجازت دے کر دنیا کے لیے مسائل پیدا کر رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: مذاکرات سے متعلق امریکی پیشکش پر ایرانی صدر پزشکیان کا سخت ردعمل
ٹرمپ کا کہنا تھا کہ زیلنسکی کو یہ حملے روک دینے چاہییں۔ انہوں نے مزید کہا کہ یوکرین کو ایسا نیا رہنما چاہیے جو معاہدہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہو۔
امریکی صدر نے دعویٰ کیا کہ زیلنسکی ماضی میں بھی کئی معاہدے کرسکتے تھے، لیکن نامعلوم وجوہات کی بنا پر انہوں نے ایسا نہیں کیا۔





