پریزیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون، خیبرپختونخوا کے دو شہروں سے میچز منتقل کرنے کا اعلان

پشاور: خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج کے نفاذ کے بعد پیدا ہونے والی سیاسی صورتحال کے پیش نظر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پریزیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون کے جاری فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ کے پشاور اور ایبٹ آباد میں شیڈول میچز دوسرے شہروں میں منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

کرکٹ ویب سائٹ کرک انفو کی رپورٹ کے مطابق حکومت پاکستان کی جانب سے صوبے میں ایمرجنسی کے نفاذ اور گورنر راج کے اعلان کے بعد میچز کے مقامات تبدیل کیے گئے ہیں۔

اسلام آباد اور راولپنڈی میں شیڈول میچز پہلے سے طے شدہ پروگرام کے مطابق جاری رہیں گے، جہاں ٹورنامنٹ کے چھٹے راؤنڈ کا آغاز پیر سے ہوگا۔

پشاور کے عمران خان اسٹیڈیم میں غنی اور حیدرآباد کنگز مین اکیڈمی کے درمیان 14 اکتوبر سے شروع ہونے والا میچ اب شیخوپورہ کی رانا نوید اکیڈمی میں کھیلا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں : ایمرجنسی اور گورنر راج کے نفاذ کے بعد کے پی میں انتظامی تبدیلیاں، اب کون سے فیصلے ہوں گے؟

اسی طرح ایبٹ آباد میں سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ اور آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی لمیٹڈ کے درمیان شیڈول مقابلہ لاہور کے ایل سی سی اے گراؤنڈ منتقل کر دیا گیا ہے۔

ٹورنامنٹ کے آخری راؤنڈ کے میچز اب 19 اکتوبر سے شروع ہوں گے، جبکہ مارخور آئی ٹی سلوشنز اور پاکستان ٹیلی ویژن (پی ٹی وی) کے درمیان مقابلہ بھی لاہور میں کھیلا جائے گا۔

پوائنٹس ٹیبل پر اسٹیٹ بینک آف پاکستان 84 پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن پر موجود ہے، جبکہ غنی کی ٹیم 70 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔

ٹورنامنٹ کے لیگ مرحلے کے اختتام پر پوائنٹس ٹیبل کی سرفہرست دو ٹیمیں فائنل میں مدمقابل ہوں گی، تاہم فیصلہ کن مقابلے کے مقام کا اعلان تاحال نہیں کیا گیا۔

Scroll to Top