وزیراعظم شہباز شریف نے مسلم لیگ ن سمیت وفاقی حکومت میں شامل اتحادی جماعتوں کی پارلیمانی پارٹی کا اہم اجلاس طلب کر لیا ہے۔
اجلاس میں خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج کے نفاذ سمیت ملک کی مجموعی سیاسی اور سکیورٹی صورتحال پر اراکین کو اعتماد میں لیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس پارلیمنٹ ہاؤس کے کمیٹی روم نمبر 2 میں شام 4 بجے ہوگا، جس کی صدارت وزیراعظم شہباز شریف کریں گے، اجلاس میں حکومتی جماعت اور اتحادیوں کے پارلیمانی اراکین شرکت کریں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم اراکین کو خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی کے نفاذ اور گورنر راج سے متعلق حکومتی فیصلوں کے پس منظر اور وجوہات سے آگاہ کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی، ایمرجنسی پلس یا گورنر راج ؟ اہم اجلاس طلب
اس موقع پر صوبے کی سکیورٹی صورتحال، انسداد دہشت گردی کی حکمت عملی اور وفاقی حکومت کے آئندہ لائحہ عمل پر بھی تبادلہ خیال متوقع ہے۔





