پشاور میں معمولاتِ زندگی بحال، بی آر ٹی سروس بھی آج سے شروع ہوگی

پشاور: خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں آج سے معمولاتِ زندگی مکمل طور پر بحال ہو جائیں گے، جبکہ تمام سرکاری و نجی تعلیمی ادارے بھی کھل جائیں گے۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق شہر کے سرکاری و نجی اداروں میں معمول کے مطابق کام کا آغاز ہوگا اور سرکاری دفاتر میں تمام امور معمول کے مطابق انجام دیے جائیں گے۔

خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے ایک روزہ عام تعطیل کا نوٹیفکیشن ختم کیے جانے کے بعد دفتری سرگرمیاں بحال ہو رہی ہیں۔

انتظامیہ کے مطابق پشاور کے تمام سرکاری و نجی اسکولز آج کھلیں گے اور تعلیمی سرگرمیاں معمول کے مطابق جاری رہیں گی۔

یہ بھی پڑھیں : پیٹرول سستا، ڈیزل مہنگا ،نوٹیفکیشن جاری

دوسری جانب ٹرانس پشاور انتظامیہ نے بھی بی آر ٹی سروس آج سے مکمل طور پر بحال کرنے کا اعلان کیا ہے۔

بحالی کے بعد بی آر ٹی کے تمام مین اور فیڈر روٹس پر مسافروں کو معمول کے مطابق سفری سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

ادھر کرک میں پرائمری، مڈل اور سیکنڈری اسکول آج معمول کے مطابق کھلے رہیں گے، تاہم سرکاری و نجی ہائر سیکنڈری اسکولز، کالجز اور یونیورسٹیز بند رہیں گے۔

دوسری جانب ضلع صوابی میں آج بھی تمام تعلیمی ادارے بند رکھنے کا فیصلہ برقرار ہے۔

Scroll to Top