اسلام آباد: وفاقی حکومت نے مختلف افسران کی ملازمت میں توسیع، تقرریوں اور اضافی ذمہ داریوں سے متعلق احکامات جاری کردیے ہیں، جبکہ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے ان فیصلوں کے باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیے ہیں۔
جاری کردہ احکامات کے مطابق وزیراعظم معائنہ کمیشن کے ممبر شاہد احمد سندھو کی کنٹریکٹ ملازمت میں ایک سال کی توسیع کردی گئی ہے۔ یہ توسیع 26 نومبر 2026 سے مؤثر ہوگی اور ملازمت کی دیگر شرائط و ضوابط سابقہ معاہدے کے مطابق برقرار رہیں گی۔
دوسری جانب ایڈیشنل سیکریٹری پاور ڈویژن امتیاز حسین شاہ کو سیکریٹری پاور ڈویژن کا کرنٹ چارج تفویض کردیا گیا ہے۔ وہ یہ ذمہ داریاں تین ماہ یا مستقل سیکریٹری کی تعیناتی تک، جو بھی پہلے ہو، انجام دیں گے۔
مزید برآں تقرری کے منتظر احسان الحق کو سیکشن افسر کے طور پر اوورسیز پاکستانیز ڈویژن میں تعینات کردیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : آئی جی خیبرپختونخوا پولیس کے تبادلے کا وائرل نوٹیفکیشن جعلی قرار
ادھر حکومت سندھ کے محکمہ اسکول ایجوکیشن اینڈ لٹریسی ڈیپارٹمنٹ میں گریڈ 17 کے سبجیکٹ اسپیشلسٹ (پاکستان اسٹڈیز) خمیص علی کبر کی خدمات ڈیپوٹیشن پر وفاقی وزارتِ تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت کے سپرد کردی گئی ہیں۔
نوٹیفکیشن کے مطابق خمیص علی کبر کو فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن کے تحت گریڈ 17 میں سیکنڈری اسکول ٹیچر کے عہدے پر تین سال یا مستقل تعیناتی تک کے لیے مقرر کیا گیا ہے۔
اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے ان تمام فیصلوں کے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کردیے گئے ہیں۔





