رانی عندلیب
پشاور: پشاور یونیورسٹی ٹیچرز ایسوسی ایشن (پیوٹا) نے اعلیٰ تعلیم اور یونیورسٹی اساتذہ کی حمایت میں گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کے حالیہ بیان کا خیرمقدم کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ اساتذہ کو درپیش مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں گے۔
ایسوسی ایشن کے مطابق گورنر خیبرپختونخوا نے گزشتہ روز اپنی پریس کانفرنس میں اعلیٰ تعلیم اور بالخصوص جامعہ پشاور کے اساتذہ کو درپیش مشکلات کے حوالے سے حوصلہ افزا اور حمایت پر مبنی اظہارِ خیال کیا، جسے پیوٹانے سراہا ہے۔
پشاور یونیورسٹی ٹیچرز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ جامعہ پشاور کے اساتذہ گزشتہ ایک دہائی سے مالی عدم استحکام، تنخواہوں اور پنشن کی ادائیگی میں تاخیر اور ترقیوں سمیت پیشہ ورانہ ترقی میں رکاوٹوں جیسے مسائل کا سامنا کر رہے ہیں۔
ایسوسی ایشن کے مطابق ان مسائل کے حل کے بجائے اساتذہ اور یونیورسٹی انتظامیہ کو اکثر غیر ضروری دباؤ اور منفی عوامی تاثر کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں تیزی، ڈالر مزید سستا
پیوٹا نے اساتذہ کے مسائل کو تسلیم کرنے اور ان کی حمایت میں بیان دینے پر گورنر فیصل کریم کنڈی کا شکریہ ادا کیا ہے۔
ایسوسی ایشن نے توقع ظاہر کی ہے کہ اس حمایت کو عملی اقدامات میں تبدیل کیا جائے گا، تاکہ اساتذہ کے حقوق کا تحفظ، تنخواہوں اور پنشن کی بروقت ادائیگی اور ترقیوں کے معاملات میں سہولت یقینی بنائی جا سکے۔
پریس ریلیز کے مطابق ایسوسی ایشن نے سرکاری جامعات کے وقار اور ادارہ جاتی خودمختاری کی بحالی پر بھی زور دیا ہے۔





