قومی ٹیم کے مایاناز اوپنر بیٹر فخر زمان نے ٹی 20 میچوں میں چھکوں کی سینچری مکمل کرکے تاریخ رقم کردی، وہ ٹی 20 انٹرنیشنل کرکٹ میں 100 چھکے لگانے والے پہلے پاکستانی بیٹر بن گئے۔
راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں سری لنکا کے خلاف کھیلے گئے سیریز کے تیسرے اور آخری میچ میں فخر زمان کو 100 چھکوں کا سنگ میل عبور کرنے کے لیے ایک چھکے کی ضرورت تھی۔
انہوں نے سری لنکن بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر بنورا فرنینڈو کی گیند پر ڈیپ مڈ وکٹ کے اوپر شاندار چھکا لگا کر یہ اعزاز حاصل کیا۔
فخر زمان نے 2017 میں پاکستان کی جانب سے ٹی 20 انٹرنیشنل کرکٹ میں قدم رکھا تھا۔ انہوں نے 113 اننگز میں 100 چھکے مکمل کیے۔
پاکستان کی جانب سے ٹی 20 انٹرنیشنل میں سب سے زیادہ چھکے لگانے والے بیٹرز کی فہرست میں فخر زمان پہلے نمبر پر آگئے ہیں، جبکہ وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان 95 چھکوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: صاحبزادہ فرحان نے بھارتی جارح مزاج بیٹرکا ریکارڈ توڑ دیا
کپتان صاحبزادہ فرحان 81 چھکوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر آگئے ہیں اور انہوں نے سابق کپتان بابر اعظم کو پیچھے چھوڑ دیا ہے، جنہوں نے 80 چھکے لگا رکھے ہیں۔ محمد حفیظ 76 چھکوں کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہیں۔





