فیس بک فیڈ پر صارف کا راج ، ناپسندیدہ مواد سے نجات دلانے والا انقلابی اے آئی فیچر متعارف

سوشل میڈیا پلیٹ فارم فیس بک پر صارفین کو اپنی نیوز فیڈ اور ریلز میں دکھائے جانے والے مواد پر زیادہ اختیار دینے کے لیے میٹا ایک نیا اے آئی فیچر متعارف کرانے جا رہا ہے، جس کی مدد سے صارفین اپنی دلچسپیوں کے مطابق مواد کی تجاویز کو تبدیل کرسکیں گے۔

میٹا کے مطابق ’یور الگورتھم‘ نامی اس فیچر کے ذریعے صارفین کو یہ بتانے کا موقع ملے گا کہ وہ فیس بک پر کس نوعیت کی پوسٹس، ویڈیوز اور ریلز دیکھنے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔ اس طرح پلیٹ فارم کی جانب سے دکھائے جانے والے مواد کو ان کی ترجیحات کے مطابق ترتیب دینے میں مدد ملے گی۔

اس فیچر کے تحت صارفین کو اپنی پسند کا اظہار کرنے کے لیے صرف پہلے سے موجود آپشنز تک محدود نہیں رہنا پڑے گا، بلکہ وہ اپنے الفاظ میں بھی بتا سکیں گے کہ انہیں کس قسم کا مواد زیادہ دکھایا جائے اور کن موضوعات میں ان کی دلچسپی کم ہے۔

میٹا نے فیس بک کے تھری ڈاٹ مینیو میں بھی تبدیلیاں کی ہیں، جہاں سے صارفین ’یور الگورتھم‘ تک رسائی حاصل کرسکیں گے۔ اس کے علاوہ ’انٹرسٹڈ‘ اور ’ناٹ انٹرسٹڈ‘ کے اختیارات کے ذریعے کسی مخصوص مواد میں دلچسپی ظاہر کرنا یا اسے کم ترجیح دینے کا اشارہ دینا ممکن ہوگا۔

کمپنی کے مطابق نیا فیچر صارفین کی ترجیحات کو مزید بہتر انداز میں سمجھنے کے لیے ان سے اضافی سوالات بھی کرسکتا ہے، تاکہ مستقبل میں ان کی دلچسپیوں سے مطابقت رکھنے والی پوسٹس اور ویڈیوز کی سفارشات کی جاسکیں۔

واضح رہے کہ میٹا اس نوعیت کی سہولت پہلے انسٹاگرام پر متعارف کرا چکا ہے، جبکہ اب اسے فیس بک تک وسعت دینے کی تیاری کی جا رہی ہے۔ اس پیش رفت کا مقصد صارفین کو مواد کی سفارشات پر زیادہ کنٹرول فراہم کرنا ہے، تاکہ ان کی فیڈ ان کی ذاتی دلچسپیوں سے زیادہ مطابقت رکھ سکے۔

Scroll to Top