آبنائے ہرمز میں ہولناک المیہ: بارودی سرنگ سے ٹکرا کر کنٹینر بردار بحری جہاز غرقاب، سمندر پر بکھرے ملبے کے مناظر سامنے آ گئے!

عالمی تجارت اور خام تیل کی نقل و حمل کے لیے سب سے اہم تصور کی جانے والی بین الاقوامی بحری راہداری آبنائے ہرمز میں ایک سنگین حادثے کے نتیجے میں کنٹینر بردار بحری جہاز ڈوب گیا ہے۔

ایرانی پاسدارانِ انقلاب فورس (آئی آر جی سی) کی بحریہ کی جانب سے جاری کردہ دعوے کے بعد عرب میڈیا نے تصدیق کی ہے کہ ڈوبنے والے جہاز کا سامان، درجنوں کنٹینرز اور دیگر اشیاء اب آبنائے ہرمز کی سطحِ سمندر پر دور دور تک بکھری ہوئی تیر رہی ہیں، جس سے اس حساس بحری راستے میں تجارتی آمدورفت کے لیے بھی شدید خطرات پیدا ہو گئے ہیں۔

پاسدارانِ انقلاب کی بحری شاخ کے مطابق کنٹینر بردار بحری جہاز سمندری بارودی سرنگ (نیول مائن) سے ٹکرا گیا تھا، جس کے فوراً بعد اس میں ہولناک آگ بھڑک اٹھی۔ دیکھتے ہی دیکھتے آگ کی لپٹوں نے پورے جہاز کو اپنی لپیٹ میں لے لیا اور وہ گہرے پانیوں میں غرقاب ہو گیا۔

حادثے کے اگلے ہی روز عرب میڈیا پر جاری ہونے والے مناظر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سمندری لہروں پر ملبہ اور کنٹینرز لاوارث حالت میں تیر رہے ہیں، جبکہ مقامی اور بین الاقوامی سیکیورٹی ادارے صورتحال کا باریک بینی سے جائزہ لے رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں :پی ٹی آئی دور کے بگاڑ کے مرکزی کردار پر گرفت: سہیل آفریدی کے خلاف الزامات کی شقیں طے کی جا رہی ہیں، وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑکی گفتگو

آبنائے ہرمز دنیا کی خام تیل کی سپلائی لائن میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے، جہاں اس قسم کے معمہ خیز اور خطرناک واقعات عالمی منڈی، انشورنس کمپنیوں اور علاقائی سیکیورٹی کی صورتحال پر انتہائی گہرے اثرات مرتب کر سکتے ہیں۔

حادثے کے بعد پانی میں بکھرے ہوئے کنٹینرز کو ہٹانے اور سمندری راستے کو محفوظ بنانے کے لیے ہنگامی تدابیر پر غور کیا جا رہا ہے۔

Scroll to Top