گورنر خیبرپختونخوا کا نجی سکولوں کے لیے قانون سازی اور حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کا حکم

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کی زیرِ صدارت گورنر ہاؤس پشاور میں دیر کالونی میں اسکول کی چھت گرنے کے افسوسناک واقعے سے متعلق اجلاس منعقد ہوا، جس میں مشیرِ تعلیم عامر عبداللہ، کمشنر پشاور کیپٹن (ر) خالد محمود، ڈپٹی کمشنر آفاق وزیر اور محکمہ تعلیم کے متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں کمشنر پشاور کیپٹن (ر) خالد محمود نے گورنر فیصل کریم کنڈی کو واقعے اور اس سے متعلق انتظامی امور پر بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ اسکول کے مالک نے 16 مرلے اراضی دس سال کے لیے لیز پر حاصل کرکے اس پر عمارت تعمیر کی۔ متعلقہ اسکول 2026 میں رجسٹرڈ ہوا، تاہم اسکول انتظامیہ نے مقررہ معیاری طریقۂ کار (ایس او پیز) پر عمل درآمد نہیں کیا۔

اس موقع پر گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ دیر کالونی میں اسکول کی چھت گرنے کا واقعہ انتہائی افسوسناک سانحہ ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ واقعے کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے اور نجی اسکولوں کے قیام، عمارتوں کی تعمیر اور حفاظتی انتظامات سے متعلق مقررہ قواعد و ضوابط پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔

یہ بھی پڑھیں: پشاور، سکول حادثہ، مشیر اطلاعات ثمر ہارون بلور اور مشیر صحت نگار جوہر کی متاثرین کے گھر آمد، تعزیت اور تعاون کی یقین دہانی

گورنر نے کہا کہ بغیر منظور شدہ نقشوں کے تعمیر ہونے والی عمارتوں کی نشاندہی اور جانچ پڑتال ضروری ہے۔ ٹی ایم ایز شہر میں عمارتوں کی جانچ پڑتال کے لیے مؤثر اقدامات کریں، جبکہ تمام متعلقہ ادارے اپنی ذمہ داریاں مؤثر انداز میں ادا کریں۔

فیصل کریم کنڈی نے صوبے میں نجی اسکولوں کی رجسٹریشن اور حفاظتی انتظامات سے متعلق قواعد و ضوابط پر سختی سے عمل درآمد کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ جن نجی اسکولوں کے پاس رجسٹریشن سرٹیفکیٹ موجود نہیں، ان کے خلاف کارروائی اور سزاؤں کے تعین کے لیے اقدامات کیے جائیں۔

گورنر خیبرپختونخوا نے نجی اسکولوں کے لیے مؤثر قانون سازی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے ہدایت کی کہ تعلیمی اداروں میں حفاظتی معیارات اور ضابطۂ کار پر عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے نئی قانون سازی کی جائے اور اس حوالے سے 15 دن کے اندر رپورٹ پیش کی جائے۔

انہوں نے نجی اسکولوں کے انتظامی امور میں شفافیت، مؤثر نگرانی اور بہترین طریقۂ کار اپنانے کی بھی ہدایت کی تاکہ تعلیمی اداروں میں بچوں کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔

Scroll to Top