عزم و ہمت کی شاندار داستان، کاکول اکیڈمی سے 154 ویں پاسنگ آؤٹ پریڈ کا انعقاد، کیڈٹس کا دفاعِ وطن کا عزم

ایبٹ آباد: ایبٹ آباد کی دلکش وادی میں واقع پاکستان ملٹری اکیڈمی (پی ایم اے) کاکول کے پریڈ گراؤنڈ میں 154 ویں پاسنگ آؤٹ پریڈ کی شاندار اور پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں مختلف کورسز کے کامیاب کیڈٹس نے باقاعدہ حلف اٹھا کر پاک فوج میں شمولیت اختیار کر لی۔

اس تاریخی تقریب کے مہمانِ خصوصی کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ جنرل سید عامر رضا تھے، جنہوں نے پریڈ کا تفصیلی معائنہ کیا۔

 اس موقع پر انہوں نے پاس آؤٹ ہونے والے جوانوں اور افسران کے اعلیٰ عسکری معیار، نظم و ضبط اور زبردست پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا۔

تقریب میں 154 ویں پی ایم اے لانگ کورس کے علاوہ 39 ویں ٹیکنکل گریجویٹ کورس، 73 ویں انٹیگریٹڈ کورس اور 28 ویں لیڈی کیڈٹ کورس کے کیڈٹس کی پاسنگ آؤٹ ہوئی۔

 پریڈ میں شامل کیڈٹس نے اپنے باوقار اور منظم مارچ پاسٹ کے ذریعے وطنِ عزیز کے دفاع کے لیے اپنے کامل عزم کا اظہار کیا۔

یہ بھی پڑھیں : پشاور دیر کالونی حادثہ، گورنر کے پی کی ہدایت پر متاثرہ خاندانوں میں کروڑوں کے امدادی چیک تقسیم

پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول دہائیوں سے افواجِ پاکستان کو باصلاحیت اور پُرعزم قیادت فراہم کر رہی ہے۔

 جدید سیکیورٹی چیلنجز اور ٹیکنالوجی کی پیشرفت کے تناظر میں ٹیکنکل گریجویٹس اور 28 ویں لیڈی کیڈٹ کورس کی خواتین آفیسرز کی شمولیت پاک فوج کے تنوع، جدید سوچ اور مساوی صلاحیتوں کی اعتراف کی بہترین عکاسی کرتی ہے۔

پی ایم اے کاکول کا یہ تاریخی گراؤنڈ ہمیشہ سے دفاعِ وطن اور پیشہ ورانہ بالادستی کا ضامن رہا ہے، جہاں سے تربیت یافتہ افسران سرحدوں کی حفاظت اور ہر قومی ہنگامی صورتِ حال میں ملک کا نام روشن کرتے ہیں۔

Scroll to Top