ڈینگی کے خلاف خیبر پختونخوا حکومت متحرک: گورنر فیصل کریم کنڈی خود میدان میں، فوری تدارک کے لیے ہنگامی ہدایات جاری!

خیبر پختونخوا حکومت ڈینگی کے پھیلاؤ کے تدارک کے لیے مکمل طور پر ان ایکشن ہو گئی ہے۔ صوبے میں ڈینگی وائرس کی تازہ صورتحال پر کنٹرول حاصل کرنے کے لیے گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کی زیر صدارت ایک اعلیٰ سطح کا ہنگامی اجلاس منعقد ہوا جس میں انسداد ڈینگی ایکشن پلان کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور ہنگامی بنیادوں پر اہم ہدایات جاری کی گئیں۔

اجلاس میں گورنر کی مشیر برائے صحت لیفٹیننٹ جنرل (ر) نگار جوہر، سیکرٹری صحت اور دیگر متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ 

اس موقع پر حکام نے گورنر کو صوبے میں ڈینگی کی موجودہ صورتحال اور اس کے تدارک کے لیے اٹھائے گئے اقدامات پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ صوبہ بھر میں اس وقت ڈینگی کے کل 3,771 کیسز اور2 اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔ بریفنگ میں انکشاف کیا گیا کہ ضلع کوہاٹ وبا سے سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے جہاں اب تک  2,319 کیسز سامنے آ چکے ہیں۔ حکام کا کہنا تھا کہ موسمیاتی تبدیلیوں، شہری آبادی میں بے ہنگم اضافے، صفائی ستھرائی کی ناگفتہ بہ صورتحال اور بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کی وجہ سے ڈینگی کا پھیلاؤ تیز ہوا ہے۔

صورتحال کی سنگینی کے پیش نظر گورنر کو بتایا گیا کہ انسدادِ ڈینگی کے لیے ایک جامع ایکشن پلان نافذ کر دیا گیا ہے جس میں تمام متعلقہ محکموں اور ضلعی انتظامیہ کی ذمہ داریوں کا تعین کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ڈینگی رپورٹنگ اینڈ سرویلنس سسٹم کو فعال بنانے کے ساتھ ساتھ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے صوبہ بھر میں1,666 بستروں پر مشتمل آئسولیشن وارڈز قائم کیے گئے ہیں۔

گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے ہدایت کی کہ کوہاٹ سمیت دیگر تمام متاثرہ اضلاع میں ڈینگی پر قابو پانے کے لیے ضلعی انتظامیہ ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرے اور اس سلسلے میں درکار وسائل ترجیحی بنیادوں پر فراہم کیے جائیں۔

یہ بھی پڑھیں : شہدائے کارگل کی زمین پر ڈاکہ: نیب کے پاس فضل الرحمان کی کرپشن کی مکمل فائل موجود ہونے کا انکشاف!

انہوں نے زور دیا کہ ڈینگی کے تدارک کا سب سے موثر ذریعہ عوامی آگہی ہے، اس لیے محکمہ اطلاعات کے تعاون سے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز اور دیگر ذرائع ابلاغ کا مؤثر استعمال کرتے ہوئے بڑے پیمانے پر آگہی مہم چلائی جائے تاکہ شہریوں کو اس وائرس سے محفوظ رکھا جا سکے۔

Scroll to Top