ممبئی: بھارتی فلم انڈسٹری (بالی ووڈ) کے معروف ایکشن اسٹار ٹائیگر شروف کی گاڑی پر ممبئی میں نامعلوم افراد کی جانب سے اندھا دھند فائرنگ کا سنسنی خیز واقعہ پیش آیا ہے۔
بھارتی میڈیا کی ابتدائی رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ فائرنگ کے اس واقعے میں ٹائیگر شروف خود اور ان کے ساتھ موجود دیگر دو افراد زخمی ہوئے ہیں، تاہم ممبئی پولیس نے بعد میں فوری وضاحت جاری کرتے ہوئے ان خبروں کی تردید کی اور بتایا کہ اداکار مکمل طور پر محفوظ ہیں اور انہیں کوئی گولی نہیں لگی ہے۔
پولیس کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں ٹائیگر شروف کا ڈرائیور اور قریب سے گزرنے والا ایک آٹو رکشہ ڈرائیور شدید زخمی ہوئے ہیں، جنہیں فوری طور پر طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے فوراً بعد شواہد اکٹھے کر کے واقعے کے تمام پہلوؤں کی باریک بینی سے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں، تاہم ابھی تک یہ واضح نہیں ہو سکا کہ فائرنگ کا اصل مقصد کیا تھا اور ملزمان کا ہدف کون تھا۔
یہ بھی پڑھیں : ایران کے خلاف جنگ میں فیصلہ کن کامیابی حاصل کرچکے ہیں، جے ڈی وینس کا دعویٰ
دوسری جانب سوشل میڈیا پر مبینہ طور پر گینگسٹر انیل پنڈت کی ایک پوسٹ وائرل ہو رہی ہے، جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ اس حملے کی ذمہ داری بدنام زمانہ لارنس بشنوئی گینگ نے قبول کر لی ہے۔
اس ہائی پروفائل واقعے نے مہاراشٹر کی سیاست میں بھی بھچال برپا کر دیا ہے۔ اپوزیشن جماعت کانگریس کے سینیئر رہنما سچن ساونت نے ممبئی میں امن و امان کی خراب صورت حال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مہاراشٹر حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ پولیس کا نظام مکمل طور پر ناکام ہو چکا ہے اور شہر میں جرائم پیشہ عناصر اور گینگسٹرز بے خوف ہو کر کارروائیاں کر رہے ہیں۔





