بلوچستان کے حساس اضلاع قلات اورگوادر میں سکیورٹی فورسز کے انٹیلی جنس بیسڈ ہنگامی آپریشنز کے دوران فتنۃ الہندوستان کا بڑا ناپاک منصوبہ خاک میں ملا دیا گیا ہے۔ آپریشن کے دوران فورسز نے شدید جھڑپ کے بعد 4 خطرناک دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا، جبکہ وطنِ عزیز کے دفاع کی خاطر پاک فوج کے دلیر افسر میجر وجاہت وحید نے جرات و بہادری کی نئی تاریخ رقم کرتے ہوئے جامِ شہادت نوش کر لیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 18 اکتوبر کو قلات کے علاقے جتک آباد میں خفیہ اطلاعات پر فورسز نے دہشت گردوں کے مضبوط ٹھکانے کو گھیرے میں لے کر آخری حد تک نشانہ بنایا۔ شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 4 خطرناک ملک دشمن دہشت گرد موقع پر ہی ڈھیر ہو گئے جبکہ ان کے قبضے سے بھاری مقدار میں جدید اسلحہ، بارودی مواد اور راکٹس برآمد کر لیے گئے۔
دوسری جانب گوادر کے ساحلی علاقے شادی کور میں ممکنہ خطرات کے پیشِ نظر جاری کلیئرنس آپریشن کے دوران فورسز کی گاڑی پر دہشت گردوں کی جانب سے سڑک کنارے نصب بم کا بزدلانہ حملہ کیا گیا۔ دھماکے کی زد میں آ کر لاہور کے رہائشی، 34 سالہ نڈر افسر میجر وجاہت وحید موقع پر ہی شہید ہو گئے۔
یہ بھی پڑھیں : 29 ستمبر کو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کا نام نہاد آپریشن: ڈی جی آئی ایس پی آر نے بھارتی پروپیگنڈا بے نقاب کر دیا
آئی ایس پی آر کا مزید کہنا ہے کہ بیرونی ممالک بالخصوص بھارتی سرپرستی میں پالے جانے والے اس فتنے کی بیخ کنی کے لیے عزمِ استحکام کے تحت تابڑ توڑ کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی، اور خون کے آخری قطرے تک دشمن کے تمام نیٹ ورکس کو نیست و نابود کیا جائے گا۔





