گھر بنانا ہوا انتہائی آسان، 1 کروڑ روپے تک قرض کے لیے بینکوں کو نیا اور آسان فارمولا جاری

اسلام آباد: حکومت پاکستان نے اپنے اہم ترین رہائشی منصوبے وزیراعظم اپنا گھر پروگرام کے تحت ہاؤسنگ قرضے کے حصول کا عمل انتہائی آسان اور شفاف بنا دیا ہے، جس کے تحت قرض کی منظوری کے لیے درکار پیچیدہ اور طویل کاغذات کی تعداد کم کر کے صرف 5 کر دی گئی ہے۔

وزارتِ ہاؤسنگ اینڈ ورکس کے ترجمان کی جانب سے جاری کردہ ایک اہم بیان کے مطابق اسکیم کے تحت ہاؤسنگ فنانس کے لیے بینکوں کو درکار ضروری دستاویزات کو محدود اور معیاری بنا دیا گیا ہے تاکہ عام شہریوں کو بغیر کسی سست روی اور دشواری کے قرض کی فراہمی ممکن بنائی جا سکے۔

بینکوں کو جاری کردہ نئی ہدایات کے تحت اب شہریوں کو صرف 5 بنیادی دستاویزات فراہم کرنا ہوں گی، جن میں ٹرانسفر لیٹر، پوزیشن لیٹر، منظور شدہ نقشہ، رہن رکھنے کی اجازت کا خط اور اندراجِ رہن شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : پولیس کے رکے ہوئے منصوبوں کی ہنگامی بحالی، گورنر فیصل کریم کنڈی کا سکیورٹی کا نقشہ بدلنے کا بڑا فیصلہ

ترجمان وزارتِ ہاؤسنگ اینڈ ورکس نے مزید بتایا کہ وزیراعظم اپنا گھر پروگرام ملک بھر میں جاری ہاؤسنگ قرضوں کا ایک تاریخی اور اہم ترین منصوبہ ہے۔

اس اسکیم کے تحت حکومتِ پاکستان کی جانب سے پہلی بار اپنا گھر بنانے کے لیے شہریوں کو ایک کروڑ روپے تک کا بلا تعطل ہاؤسنگ قرضہ فراہم کیا جا رہا ہے۔

اس فیصلے کے بعد تمام کمرشل بینکوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اضافی یا غیر ضروری کاغذات کی شرط ختم کر کے درخواست گزاروں کو فوری اور آسان طریقے سے سہولت فراہم کریں۔

Scroll to Top