13 سال کی لوٹ مار اور لاقانونیت کا ملبہ صاف کرنے کا وقت آ گیا، گورنر فیصل کریم کنڈی کا بڑا اعلان

پشاور: گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے صوبے میں انتظامی اور معاشی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ہنگامی گورننس پالیسی کا باقاعدہ اعلان کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ عوام کے بنیادی حقوق اور صوبائی مفاد پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ 

صوبائی دارالحکومت کو تجاوزات سے پاک کرنے کے لیے شروع کیے گئے گرینڈ آپریشن کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پشاور کی سڑکوں اور گزرگاہوں کی بحالی کے لیے بلا امتیاز کارروائیاں جاری ہیں اور اس معاملے میں کسی بھی قسم کی سفارش یا دباؤ قبول نہیں کیا جائے گا۔

اپنے ایک ویڈیو بیان میں گورنر خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ گزشتہ 13 سال کا ملبہ چند دنوں میں اٹھانا ممکن نہیں، تاہم صوبائی حکومت صورتحال کی بہتری اور گورننس کی جامع اصلاح کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔

 انہوں نے بتایا کہ تجاوزات کے خاتمے کے ساتھ ساتھ صوبے بھر میں صفائی ستھرائی کی ایک بڑی مہم کا آغاز بھی کر دیا گیا ہے جس کا مقصد شہریوں کو صحت مند، صاف ستھرا ماحول فراہم کرنا اور ٹریفک کی روانی کو بحال بنانا ہے۔

دوسری جانب صوبائی انتظامیہ کے مطابق پشاور میں تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن دوسرے روز بھی پوری شدت کے ساتھ جاری رہا۔

یہ بھی پڑھیں : مذہبی کارڈ استعمال کرنے کا ہتھکنڈا اب نہیں چلے گا، فضل الرحمٰن اور ان کے بیٹوں کے خلاف بلا امتیاز احتساب کا مطالبہ

رنگ روڈ اور گڑھی قمر دین کے علاقوں میں ڈپٹی کمشنر پشاور کی براہ راست نگرانی میں بھاری مشینری کے ذریعے غیر قانونی تعمیرات کو مسمار کر دیا گیا۔ اس آپریشن میں پشاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (پی ڈی اے) اور دیگر متعلقہ محکموں کے اہلکاروں نے بھرپور حصہ لیا۔

ڈپٹی کمشنر پشاور نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ جب تک تمام شاہراہیں اور سڑکیں تجاوزات سے مکمل طور پر پاک نہیں ہو جاتیں، یہ آپریشن بلا تعطل جاری رہے گا۔

 انہوں نے واضح کیا کہ مسمار کی گئی غیر قانونی تعمیرات کو دوبارہ قائم کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی اور اس سلسلے میں تمام ادارے مسلسل تحرک میں ہیں۔

انتظامیہ نے شہریوں سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ سڑکوں، فٹ پاتھوں اور عوامی گزرگاہوں پر تجاوزات قائم کرنے سے گریز کریں اور قانون کا ساتھ دیں۔

Scroll to Top