نوجوانوں کے روزگار، تعلیم اور صحت پر خصوصی توجہ، 12 اضلاع پر مشتمل کونسل کا بڑا فیصلہ

جمرود :ضلع خیبر سے تعلق رکھنے والے علاقائی ترقیاتی کونسل کے نو منتخب رکن ملک صلاح الدین نے عزم ظاہر کیا ہے کہ قبائلی اضلاع میں پائیدار ترقی کے منصوبوں کا آغاز، عوامی مسائل کا فوری حل اور محروم طبقات کی بااختیاری ان کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔ 

انہوں نے کونسل میں جمرود سے الیکشن جیتے پر حکومتِ پاکستان اور عسکری قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے واضح کیا کہ وہ آباؤ اجداد کی عوامی خدمت کی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے علاقے کی خوشحالی کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔

ایک خصوصی گفتگو کے دوران ملک صلاح الدین نے کہا کہ 12 اضلاع پر مشتمل اس کونسل میں جمرود اور قبائلی عوام کی نمائندگی ان کے لیے انتہائی اعزاز کی بات ہے۔

 انہوں نے کہا کہ وزیرستان سے باجوڑ تک پھیلی یہ پٹی برسوں سے ترقیاتی منصوبوں اور روزگار کے مواقع کی کمی جیسے شدید چیلنجز سے نبرد آزما ہے۔

یہ بھی پڑھیں : 13 سال کی لوٹ مار اور لاقانونیت کا ملبہ صاف کرنے کا وقت آ گیا، گورنر فیصل کریم کنڈی کا بڑا اعلان

 ان کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت کی جانب سے ان علاقوں میں خاطر خواہ ترقیاتی کام نہیں کیے گئے، جبکہ بدامنی اور روزگار کے محدود مواقع نے مقامی نوجوانوں کو شدید مشکلات سے دوچار کر رکھا ہے۔

ملک صلاح الدین نے اس بات پر زور دیا کہ قبائلی اضلاع کی حقیقی ترقی کے لیے مقامی ضروریات، رسم و رواج اور جرگہ نظام کو مدنظر رکھ کر منصوبہ بندی کرنا ہوگی۔

 انہوں نے کہا کہ کونسل میں تمام ایسے افراد شامل ہیں جو زمینی حقائق سے بخوبی واقف ہیں، جو سڑکوں، تعلیم، صحت اور روزگار سے متعلق مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کروانے کے لیے مؤثر پل کا کردار ادا کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کونسل کے ذریعے محروم طبقات کی آواز متعلقہ اعلیٰ حکام تک پہنچائی جائے گی تاکہ قبائلی علاقوں کو بھی ملک کے دیگر بالادست حصوں کی طرح قومی دھارے میں شامل کیا جا سکے۔

 ملک صلاح الدین نے امید ظاہر کی کہ کونسل کی مربوط کوششوں سے قبائلی اضلاع میں خوشحالی اور روزگار کا نیا دور شروع ہوگا۔

Scroll to Top