خیبرپختونخوا میں 23 ڈائریکٹوریٹس اور 3 گریڈز کے 30 افسران علاقائی ترقیاتی سیکرٹریٹ میں تعینات

خیبرپختونخوا کا علاقائی ترقیاتی سیکرٹریٹ مکمل طور پر فعال کر دیا گیا ہے جس کے تحت 23 ڈائریکٹوریٹس اور مختلف محکموں کے 30 اعلیٰ افسران کو براہِ راست نئے سیکرٹریٹ کے زیرِ انتظام لایا گیا ہے۔

اس سلسلے میں باقاعدہ اعلامیہ جاری کر دیا گیا ہے۔

جاری کردہ اعلامیے کے مطابق انتظامی امور کو چلاتے ہوئے گریڈ 20 کے 5 اسپیشل سیکرٹریز، گریڈ 18 کے 10 ڈپٹی سیکرٹریز اور گریڈ 17 کے 15 سیکشن آفیسرز کی خدمات علاقائی ترقیاتی سیکرٹریٹ کے سپرد کی گئی ہیں۔

نئے سیکرٹریٹ میں بھیجے گئے اسپیشل سیکرٹریز میں ہیومن ریسورس مینجمنٹ، قانون، ابتدائی و ثانوی تعلیم، داخلہ اور صحت کے محکمے شامل ہیں۔

ڈپٹی سیکرٹریز کی سطح پر محکمہ ماحولیات اور انرجی اینڈ پاور کے لیے ایک ایک، جبکہ ابتدائی و ثانوی تعلیم، خزانہ، داخلہ اور زکوٰۃ و عشر کے لیے 2، 2 ڈپٹی سیکرٹریز تعینات کیے جائیں گے۔

اسی طرح سیکشن آفیسرز کی سطح پر زراعت، ثقافت، زکوٰۃ و عشر، انرجی اینڈ پاور، معدنیات اور بین الصوبائی رابطے کے لیے ایک ایک، خزانہ، اعلیٰ تعلیم اور داخلہ کے لیے 2، 2 جبکہ ابتدائی و ثانوی تعلیم کے لیے 3 سیکشن آفیسرز کی تعیناتی عمل میں لائی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں : چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا سخت انتباہ، کاہل افسران کی صوبے سے چھٹی طے!

اعلامیے کے مطابق صوبے کے 23 ڈائریکٹوریٹس اور ان سے منسلک اداروں کو بھی اسی سیکرٹریٹ کے زیرِ انتظام دے دیا گیا ہے۔ ان اداروں میں تعلیم، زکوٰۃ و عشر، سوشل ویلفیئر، پاپولیشن ویلفیئر، زراعت، لائیو اسٹاک، فشریز، جنگلات، آبپاشی، کھیل، صنعت، اسکلز، سمال ڈیمز، ٹیکنیکل ایجوکیشن، معدنیات، آئل اینڈ گیس، انفراسٹرکچر، ڈائریکٹوریٹ آف پراجیکٹس، زراعت ریسرچ، لوکل گورنمنٹ، ورکس اینڈ سروسز، پبلک ہیلتھ، پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ، اطلاعات، لا اینڈ آرڈر، لیڈیز ٹریننگ سنٹر، ایف ڈی ایم اے، بحالی و آبادکاری، ہیلتھ سروسز، خزانہ، فاٹا ایجوکیشن فاؤنڈیشن اور کالج آف کامرس اینڈ مینجمنٹ سائنسز شامل ہیں۔

Scroll to Top