پاکستان میں منعقد ہونے والی 14ویں ساؤتھ ایشین گیمز کے ایتھلیٹکس مقابلوں کی بہترین تیاریوں اور شاندار انعقاد کے لیے پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن (پی او اے) نے ایک بڑا اور اہم اقدام اٹھایا ہے۔
پی او اے کے صدر عارف سعید کی منظوری کے بعد 17 رکنی اعلیٰ سطح خصوصی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے جس کی سربراہی بریگیڈیئر ظفر محمود عباسی بطور چیئرمین کریں گے جبکہ کرنل نبیل احمد رانا کو کمیٹی کا سیکرٹری مقرر کیا گیا ہے۔
اس خصوصی کمیٹی میں پاک فوج، پاک فضائیہ، پاک بحریہ، پاکستان اسپورٹس بورڈ، ہائر ایجوکیشن کمیشن اور دیگر اہم قومی اداروں کے نمائندوں سمیت معروف اولمپینز، صدف صدیقی اور شبانہ اختر کو بھی شامل کیا گیا ہے۔
کمیٹی کے دیگر ممبران میں کمانڈر شکیل حیدر، گروپ کیپٹن سہیل منظور، محمد عمیر اسلم ملک، محمد اسماعیل، اطہر اسماعیل، ونگ کمانڈر (ر) پرویز سعید میر، محمد ظفر، سلمان اقبال بٹ، طارق محمود سدھو، سید گوہر رضا اور رضوان شوکت شامل ہیں۔
یہ 17 رکنی کمیٹی ساؤتھ ایشین گیمز کے لیے قومی ایتھلیٹس اور آفیشلز کے انتخاب، تربیت، فنی کوچنگ اور تیاریوں کی مکمل نگرانی کرے گی۔
یہ بھی پڑھیں : انکوائری کے بعد بڑا بریک تھرو: پی سی بی نے امام الحق کو فرسٹ کلاس کرکٹ کھیلنے کی اجازت دے دی،پریزیڈنٹ ٹرافی کے آخری راؤنڈ میں ایکشن کے لیے تیار
اس کے علاوہ کمیٹی ورلڈ ایتھلیٹکس اور ایشین ایتھلیٹکس کے طے شدہ بین الاقوامی قواعد و ضوابط پر عمل درآمد یقینی بناتے ہوئے پاکستان اسپورٹس بورڈ اور آرگنائزنگ کمیٹی کے ساتھ باہم مل کر تمام انتظامی و تکنیکی امور کی انجام دہی کی ذمہ دار ہوگی۔





