وفاقی دارالحکومت اور راولپنڈی کے رہائشیوں کے لیے اہم خبر سامنے آئی ہے۔ اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (آئیسکو) نے جڑواں شہروں کے مختلف اور اہم علاقوں میں عارضی طور پر بجلی کی فراہمی معطل رکھنے کا باقاعدہ شیڈول جاری کر دیا ہے۔
آئیسکو حکام کے مطابق 22 اکتوبر بروز جمعرات اسلام آباد، راولپنڈی سٹی اور راولپنڈی کینٹ کے متعدد آپریشن سرکلز میں بجلی کی بندش ہوگی۔ یہ پیش رفت 11 کے وی فیڈرز کی سالانہ ضروری دیکھ بھال، جاری تعمیراتی و ترقیاتی کاموں اور گرڈ پاور ٹرانسفارمرز کی مینٹیننس کے سلسلے میں عمل میں لائی جا رہی ہے۔
بجلی کی اس عارضی معطلی کے باعث متعلقہ علاقوں کے رہائشیوں کو روزمرہ کے معمولات میں دشواری کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : خسارے والے ادارے اب نجکاری کے ذریعے مضبوط ہوں گے، وزیر اعظم
آئیسکو انتظامیہ نے اس بابت وضاحت جاری کرتے ہوئے شہریوں سے تعاون کی اپیل کی ہے اور موقف اختیار کیا ہے کہ سالانہ مینٹیننس اور سسٹم کی بہتری کا یہ عمل مستقبل میں صارفین کو زیادہ معیاری، سستے اور بغیر کسی رکاوٹ کے بجلی کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے ناگزیر ہے۔





