لینڈ مافیا کا گھیراؤ : صوابی پولیس کا زیرو ٹالرنس فارمولا ، فوری انصاف شروع!

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) صوابی وقاص رفیق نے ضلع بھر میں عوام کو لوٹنے والے مافیاز، جعلی ایجنٹوں اور قبضہ گروپوں کے خلاف باقاعدہ جنگ کا آغاز کر دیا ہے۔

عوامی شکایات پر فوری ایکشن لیتے ہوئے ڈی پی او صوابی نے روزانہ کی بنیاد پر موصول ہونے والی درخواستوں پر بلا تاخیر سخت قانونی اقدامات کا حکم دے دیا ہے جس سے قانون شکن اور ظالم عناصر میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔

ڈی پی او صوابی کی جانب سے شہریوں کی جانب سے درج کرائی گئی سنگین شکایات پر کارروائی کی جا رہی ہے جن میں بالخصوص جعلی ویزوں کے نام پر سادہ لوح شہریوں سے لاکھوں روپے بٹورنے والے ایجنٹ، غریبوں کی رقم ہڑپ کرنے والے عناصر، مکانات اور اراضی کے تنازعات اور قبضہ مافیا شامل ہیں۔

اس کے علاوہ دھمکیاں دینے والے عناصر، گھریلو تنازعات، مستورات (خواتین) سے متعلق حساس مسائل اور پرانی دشمنیوں سے تنگ شہریوں کو فوری تحفظ اور انصاف فراہم کرنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر تحرک شروع کر دیا گیا ہے۔

ڈی پی او صوابی وقاص رفیق نے تمام متعلقہ شعبوں اور پولیس افسران کو واضح اور سخت ہدایات جاری کی ہیں کہ تمام عوامی شکایات کو صرف اور صرف میرٹ کی بنیاد پر ترجیحی سطح پر حل کیا جائے۔

یہ بھی پڑھیں : مقدس املاک پر قبضہ:خیبرپختونخوا حکومت کا لینڈ مافیا کے خلاف بڑا ایکشن!

انہوں نے خبردار کیا کہ متاثرہ شہریوں کو ان کا حق اور انصاف کی فراہمی میں کسی بھی قسم کی غفلت، سستی یا کوتاہی کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا اور غفلت برتنے والے اہلکاروں کے خلاف بھی سخت ایکشن ہوگا۔

صوابی پولیس کی اس حالیہ اور جارحانہ پیش رفت سے یہ پیغام واضح کر دیا گیا ہے کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ، ان کی محنت کی کمائی کا سارقوں سے دفاع اور قانون کی بالادستی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

Scroll to Top