کراچی میں نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے ایک بین الاقوامی خفیہ ایجنسی کی انتہائی اہم اور حساس اطلاع پر بر وقت کارروائی کرتے ہوئے آن لائن خونی کھیل اور ڈارک ویب کے شکار سے 13 سالہ کمسن بچی کو باحفاظت بچا لیا ہے۔
اس کارروائی نے آن لائن گیمنگ اور ڈارک ویب کے نام پر بچوں کو نشانہ بنانے والے عالمی مافیا کے گرد گھیرا تنگ کر دیا ہے۔
این سی سی آئی اے حکام کے مطابق یہ بچی مبینہ طور پر ڈارک ویب سے منسلک ایک خطرناک اور منظم گروہ کے چنگل میں پھنس چکی تھی جو اسے آن لائن مختلف سنسنی خیز اور خطرناک ٹاسک دے رہا تھا۔
تحقیقات میں ہولناک انکشاف ہوا کہ گروہ کی طرف سے دیے گئے پہلے ٹاسک میں بچی سے ایک بلی کو زہر دلوا کر مروایا گیا۔ اس کے بعد موصول ہونے والے دوسرے ٹاسک میں بچی کو خود کو شدید جسمانی نقصان پہنچانے کی ہدایت کی گئی تھی۔
تاہم اس دوسرے ہولناک ٹاسک پر عملدرآمد سے قبل ہی این سی سی آئی اے کی ٹیم نے ٹیکنالوجی اور عالمی ایجنسی کی مدد سے لوکیشن کا سراغ لگا کر بچی تک رسائی حاصل کر لی اور اسے ایک بڑے حادثے سے بچا لیا۔
اس سنسنی خیز واقعے کا سب سے تشویشناک پہلو یہ ہے کہ بچی کے والدین اپنی بیٹی کی ان خطرناک آن لائن سرگرمیوں اور ڈارک ویب سے رابطوں سے مکمل طور پر بے خبر تھے۔
یہ بھی پڑھیں : چیٹ جی پی ٹی صارفین ہو جائیں ہوشیار،نیا آن لائن فراڈ بےنقاب
این سی سی آئی اے کے حکام کا کہنا ہے کہ بچی سے رابطہ قائم کرنے والے تمام سوشل میڈیا اور آن لائن اکاؤنٹس کو ٹریس کیا جا رہا ہے۔
اس کے ساتھ ساتھ اس پہلو پر بھی اعلیٰ سطح کی تحقیقات جاری ہیں کہ آیا یہ گروہ دیگر پاکستانی بچوں کو بھی اس قسم کے خونی اور خطرناک کھیل کا نشانہ تو نہیں بنا رہا۔





