اسحاق ڈار کی سعودی اور فرانسیسی وزرائے خارجہ سے ملاقاتیں، باہمی تعلقات کی مضبوطی پر اتفاق

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ترکیہ میں سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان آل سعود اور فرانسیسی وزیر خارجہ جین نول بیروٹ سے الگ الگ اہم ملاقاتیں کی ہیں جن کے دوران دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

اسحاق ڈار اور سعودی وزیر خارجہ کے درمیان ہونے والی ملاقات میں پاکستان اور سعودی عرب کے برادرانہ تعلقات کی پائیداری، باہمی دلچسپی کے امور، قریبی تعاون اور اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ 

اس موقع پر اسحاق ڈار نے سعودی عرب کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے لیے پاکستان کی کامل اور مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔

دوسری جانب نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور فرانسیسی وزیر خارجہ جین نول بیروٹ کی ملاقات میں پاک فرانس دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کے عملی طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اسحاق ڈار نے دوطرفہ تعلقات کی بہتری کے لیے پائیدار اور باقاعدہ بات چیت کی ضرورت پر زور دیا۔

ملاقات میں موجودہ علاقائی و بین الاقوامی پیشرفت اور بحرانوں کے اقتصادی و سماجی اثرات پر بھی گفتگو کی گئی جبکہ درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے سفارتکاری کی اہمیت پر زور دیا گیا۔ 

یہ بھی پڑھیں : سپارکو اسلام آباد میں اقوام متحدہ کی 5 روزہ عالمی کانفرنس کا انعقاد کرے گا

فرانسیسی وزیر خارجہ نے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کے کلیدی کردار کی تعریف کی، جبکہ اسحاق ڈار نے آر فور (R4) ممالک کے ساتھ برطانیہ، جرمنی، اٹلی اور فرانس کی مثبت مصروفیت کو سراہا۔

Scroll to Top