پاکستان بیت المال (پی بی ایم) اور فاٹا یونیورسٹی کے درمیان ایک اہم معاہدہ طے پا گیا ہےجس کے تحت یونیورسٹی کے 50 مستحق طلبہ کو تعلیمی اخراجات کی ادائیگی اور تعلیم جاری رکھنے کے لیے اسکالرشپس فراہم کی جائیں گی۔
اس سلسلے میں پاکستان بیت المال خیبر پختونخوا کے ڈائریکٹر ڈاکٹر لعل بادشاہ نے فاٹا یونیورسٹی کا دورہ کیا جہاں انہوں نے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محسن نواز سے تفصیلی ملاقات کی۔
ملاقات میں مستحق طلبہ کی مالی معاونت پر اتفاق کیا گیا، جبکہ اس شراکت داری کو حتمی شکل دینے کے لیے جلد باقاعدہ مفاہمتی یادداشت (MoU) پر دستخط کیے جائیں گے۔
ملاقات کے دوران طلبہ کی تعلیمی ضروریات اور قبائلی اضلاع میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر دونوں اداروں کے انتظامی افسران کے علاوہ زرعی یونیورسٹی پشاور کے ڈائریکٹر اسپورٹس محمد بلال مروت بھی موجود تھے۔
فاٹا یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محسن نواز نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مالی مشکلات کسی بھی ہونہار طالب علم کی تعلیم کی راہ میں رکاوٹ نہیں بننی چاہئیں۔
یہ بھی پڑھیں : سپارکو اسلام آباد میں اقوام متحدہ کی 5 روزہ عالمی کانفرنس کا انعقاد کرے گا
انہوں نے پاکستان بیت المال کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان اسکالرشپس کے ذریعے معاشی طور پر کمزور طلبہ بغیر کسی پریشانی کے اپنی اعلیٰ تعلیم کا سفر جاری رکھ سکیں گے۔





