مردان: پی ٹی آئی دور کی بڑی چوری پکڑی گئی، 7 گھوسٹ ملازمین نوکریوں سے فارغ

مردان میں سرکاری خزانے سے تنخواہیں وصول کرنے کے باوجود متعلقہ محکموں میں ڈیوٹی انجام نہ دینے والے گھوسٹ ملازمین کے خلاف کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ 

مختلف سرکاری اداروں میں تعینات ایسے ملازمین کی فہرستیں تیار کی جا رہی ہیں جو مبینہ طور پر سرکاری ڈیوٹی کے بجائے کسی رکنِ اسمبلی یا دوسرے مقام پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔

ذرائع کے مطابق ضلعی انتظامیہ نے گھوسٹ ملازمین کی نشاندہی کے لیے اقدامات تیز کر دیے ہیں، جبکہ سرکاری تنخواہیں لینے کے باوجود مقررہ فرائض انجام نہ دینے والے ملازمین کے خلاف کارروائی کا دائرہ مزید وسیع کیا جا رہا ہے۔

 اس سلسلے میں مختلف محکموں سے ملازمین کا ریکارڈ اور تفصیلات حاصل کی جا رہی ہیں تاکہ ان کی اصل تعیناتی اور ڈیوٹی کی نوعیت کا تعین کیا جا سکے۔

ذرائع کے مطابق محکمہ تعلیم میں کارروائی کے دوران 7 ملازمین کو ملازمت سے فارغ کرکے گھر بھیج دیا گیا ہے، جبکہ مزید 7 ملازمین کے خلاف کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔ ان ملازمین کے خلاف بھی ضابطے کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

دوسری جانب ڈپٹی کمشنر مردان نے محکمہ صحت سے بھی ایسے ملازمین کی فہرستیں طلب کر لی ہیں۔ اس اقدام کے بعد محکمہ صحت میں بھی سرکاری ڈیوٹی سے غیر حاضر رہنے یا اپنی مقررہ ذمہ داریوں کے بجائے دوسری جگہ خدمات انجام دینے والے ملازمین کے معاملات کا جائزہ لیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں : موٹروے پر فیملیز غیر محفوظ، کوہستان وحید ٹریولز کے 20 غنڈوں کا پختون ڈیجیٹل کے رپورٹر اور ان کی فیملی پر دھاوا، رات 10 بجے کا واقعہ، موٹروے پولیس 12 گھنٹے بعد بیدار

ذرائع کے مطابق کمشنر مردان ڈویژن کی جانب سے بھی واضح کیا گیا ہے کہ ایسے تمام سرکاری ملازمین کے خلاف کارروائی کی جائے گی جو سرکاری خزانے سے تنخواہیں تو وصول کرتے ہیں لیکن اپنی مقررہ ڈیوٹی انجام نہیں دیتے۔ اس سلسلے میں مختلف محکموں سے موصول ہونے والی فہرستوں اور ریکارڈ کی بنیاد پر مزید اقدامات کیے جائیں گے۔

سرکاری ملازمین کی ڈیوٹی اور تعیناتی کی جانچ کے لیے فہرستوں کی تیاری کو ضلعی سطح پر جاری کارروائی کا اہم حصہ قرار دیا جا رہا ہے۔

محکمہ تعلیم کے بعد محکمہ صحت سمیت دیگر اداروں کے ریکارڈ کی جانچ سے ایسے ملازمین کی نشاندہی کی جائے گی جن کے بارے میں شکایات یا بے ضابطگیوں کی اطلاعات موجود ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کارروائی کا مقصد سرکاری محکموں میں حاضری اور فرائض کی ادائیگی یقینی بنانا اور قومی خزانے سے تنخواہ لینے والے ملازمین کو اپنی مقررہ ذمہ داریاں ادا کرنے کا پابند بنانا ہے۔

Scroll to Top