کاشف عزیز
اسلام آباد: 27 اکتوبر کے یومِ سیاہِ کشمیر کے موقع پر گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی اور صوبائی مشیر اطلاعات ثمر ہارون بلور نے الگ الگ اپنے جذباتی اور تند و تیز پیغامات جاری کرتے ہوئے مقبوضہ وادی پر بھارتی ناجائز قبضے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا ہے۔
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ 27 اکتوبر 1947ء تاریخِ کشمیر کا وہ سیاہ ترین باب ہے جب بھارتی افواج نے جموں و کشمیر میں داخل ہو کر غاصبانہ اور ناجائز قبضہ جمایا۔
انہوں نے زور دے کر کہا کہ یومِ سیاہ کشمیری عوام کی دہائیوں پر محیط جدوجہد، عظیم قربانیوں اور حقِ خودارادیت کے لیے ان کی لازوال استقامت کی یاد دلاتا ہے۔
بھارتی مظالم پر روشنی ڈالتے ہوئے گورنر کے پی کا کہنا تھا کہ کشمیری عوام گزشتہ کئی دہائیوں سے شدید مشکلات، غیر انسانی پابندیوں اور بنیادی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا مردانہ وار سامنا کر رہے ہیں، لیکن تمام تر نامساعد حالات کے باوجود ان کا عزمِ آزادی آج بھی اتنا ہی مضبوط ہے۔
یہ بھی پڑھیں : گندم کی قیمتوں میں کمی کی نوید، حکومت کا بڑا اعلان
انہوں نے واضح کیا کہ خیبرپختونخوا سمیت پورے پاکستان کے عوام اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور پاکستان ہر بین الاقوامی اور قومی فورم پر کشمیریوں کا مقدمہ لڑتا رہے گا۔
خطے اور عالمی حالات پر بات کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ امن کا داعی رہا ہے اور اس وقت فیلڈ مارشل عاصم منیر اور وزیراعظم شہباز شریف امریکہ ایران جنگ بندی سمیت عالمی امن کے لیے فعال اور اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
انہوں نے دنیا پر زور دیا کہ مسئلہ کشمیر کا حل بھی عالمی ترجیح ہونی چاہیے کیونکہ اس تنازع کے پُرامن حل کے بغیر خطے میں پائیدار امن کا خواب کبھی شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا۔
دوسری جانب مشیرِ اطلاعات خیبرپختونخوا ثمر ہارون بلور نے بھی یومِ سیاہِ کشمیر پر اپنے خصوصی پیغام میں 27 اکتوبر 1947ء کے بھارتی عمل کو عالمی قوانین کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا۔ ثمر ہارون بلور نے کہا کہ کشمیری عوام کی جدوجہدِ آزادی اور ان کی لازوال قربانیاں تاریخ کے اوراق میں ناقابلِ فراموش ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی کے 13 سالہ حکمرانی کے باوجود تعلیمی نظام تباہ، 627 سرکاری اسکول بند
انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم، ماورائے عدالت قتل، جبری گمشدگیوں اور غیر قانونی گرفتاریوں کی تشویشناک اطلاعات پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عالمی برادری اور اقوامِ متحدہ سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔
مشیرِ اطلاعات نے واضح کیا کہ خیبرپختونخوا کے غیور عوام کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور طاقت، جبر یا بندوق کی نوک سے کسی قوم کی آزادی کی آواز کو دبایا نہیں جا سکتا۔
انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی مشترکہ انسانی اقدار اور آزادی کے بنیادی حق پر یقین کا مظہر ہے۔
ثمر ہارون بلور نے اقوامِ متحدہ پر زور دیا کہ وہ اپنی ہی منظور شدہ قرادادوں کے مطابق کشمیری عوام کو ان کے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق دلانے کے لیے اپنا اثر و رسوخ استعمال کرے اور اس مسئلے کے منصفانہ حل کے لیے عملی قدم اٹھائے کیونکہ مسئلہ کشمیر کا پُرامن اور منصفانہ حل ہی جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کی واحد ضمانت ہے۔





