خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات، الیکشن کمیشن نے فیصلہ محفوظ کرلیا

پشاور: خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد سے متعلق اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں الیکشن کمیشن آف پاکستان نے کیس کی سماعت کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا۔ 

سماعت کے دوران مشیرِ قانون خیبرپختونخوا نے صوبے میں بدامنی اور ایمرجنسی کی صورتحال کے باعث 12 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کرانے سے معذوری ظاہر کردی۔

چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں پانچ رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔ اس موقع پر الیکشن کمیشن کے اسپیشل سیکریٹری نے بتایا کہ 19 ستمبر کو خیبرپختونخوا حکومت کو ضروری قانون سازی کی ہدایت کی گئی تھی، تاہم صوبے میں قانون سازی کا عمل تاحال مکمل نہیں ہوسکا۔

سماعت کے دوران ظفر اقبال نے مؤقف اختیار کیا کہ جن اضلاع میں حلقہ بندیاں مکمل ہوچکی ہیں، وہاں بلدیاتی انتخابات کرانے کا حکم دیا جاسکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا میں ایم پاکس کے کیسز میں اضافہ، محکمہ صحت کی رپورٹ جاری

انہوں نے بتایا کہ 23 اضلاع میں حلقہ بندیوں کا عمل مکمل ہوچکا ہے، اس لیے 16 اضلاع میں انتخابی شیڈول جاری کیا جائے۔

چیف الیکشن کمشنر نے سماعت کے دوران ریمارکس دیے کہ خیبرپختونخوا اسمبلی نے حلقوں میں آبادی کا حجم بڑھا دیا تھا۔

انہوں نے سوال اٹھایا کہ اس معاملے کو حل کرنے کے لیے آبادی کی حد کم کی جائے یا یونین کونسلز کی حدود میں تبدیلی کی جائے۔

الیکشن کمیشن نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد کیس کا فیصلہ محفوظ کرلیا۔ اب اس معاملے میں کمیشن کے فیصلے کا انتظار ہے، جس سے خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد اور انتخابی شیڈول سے متعلق آئندہ کی صورتحال واضح ہوسکے گی۔

Scroll to Top